
سی سی ٹی وی فوٹیج اور ریلوے پولیس کی مدد سے ملزمان تک رسائی، سورت فرار ہونے کی کوشش ناکام بنا دی گئی
بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے میں مبینہ طور پر ملوث تین افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ اور ریلوے پولیس کے تعاون سے ملزمان کی نقل و حرکت کا پتا لگایا۔
رپورٹس کے مطابق تفتیشی حکام کو سی سی ٹی وی فوٹیج سے اہم معلومات حاصل ہوئیں، جن کی مدد سے ملزمان کے سفر کے راستے کی نشاندہی کی گئی۔ پولیس نے ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف)، گورنمنٹ ریلوے پولیس (جی آر پی) اور دیگر ریاستوں کے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا، جس کے نتیجے میں تینوں افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق ملزمان گجرات کے شہر سورت کی جانب فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے، تاہم پولیس کی بروقت کارروائی کے باعث ان کی کوشش ناکام ہوگئی۔
یہ پیش رفت مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس کے اس بیان کے بعد سامنے آئی، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ممبئی پولیس کو فائرنگ کے واقعے سے متعلق اہم شواہد ملے ہیں۔ ان کے مطابق واقعے میں ملوث افراد کے ساتھ ساتھ ان کے مبینہ ہینڈلرز کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے ناگپور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ملزمان مہاراشٹر سے باہر بیٹھ کر کارروائیاں کر رہے تھے اور اس معاملے میں بیرون ملک سے روابط کا امکان بھی زیرِ تفتیش ہے۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ ملزمان تک پہنچنے کے لیے دیگر ریاستوں کی پولیس اور مرکزی تحقیقاتی اداروں کا تعاون حاصل کیا جا رہا ہے۔








