
تین ملکی ون ڈے کرکٹ سیریزکے لیے انگلینڈکرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے مہمان کھلاڑیوں کا استقبال کیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر انگلش ٹیم کی آمد اور استقبال کی ویڈیو بھی شیئر کی ہے۔
شیڈول کے مطابق تین ملکی ون ڈے سیریز 18 سے 31 اکتوبر تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔ ٹورنامنٹ میں میزبان پاکستان کے علاوہ سری لنکا اور انگلینڈ کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔
سیریز کا افتتاحی مقابلہ اتوار کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔ میچ کی تیاریوں کے سلسلے میں دونوں ٹیمیں آج شام اسٹیڈیم میں پریکٹس کریں گی۔
دوسری جانب انگلینڈ کی ٹیم ہفتے کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹریننگ کرے گی تاکہ آئندہ مقابلوں کے لیے اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دے سکے۔
انگلش ٹیم کی پاکستان آمد کے ساتھ ہی سیریز میں شریک تینوں ٹیموں کی آمد کا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے۔ کرکٹ شائقین کو راولپنڈی اور لاہور میں سنسنی خیز مقابلوں کا انتظار ہے۔









