ملکی سیاست میں ہلچل! مولانا فضل الرحمان کی وزیراعظم سے اہم ملاقات، ایمرجنسی پر کیا بات ہوئی؟

0
30
ملکی سیاست میں ہلچل! مولانا فضل الرحمان کی وزیراعظم سے اہم ملاقات، ایمرجنسی پر کیا بات ہوئی؟

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتِ حال اور حکومت و اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کی بحالی پر زور دیا ہے۔

ملاقات میں سیاسی تناؤ کم کرنے اور معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے حکومت کو تجویز دی کہ اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کا عمل دوبارہ شروع کیا جائے تاکہ سیاسی اختلافات کو افہام و تفہیم سے حل کیا جا سکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت سے یہ یقین دہانی حاصل کرنے کی خواہش ظاہر کی کہ موجودہ حالات میں ایمرجنسی نافذ کرنے سے گریز کیا جائے۔ تاہم، اس حوالے سے حکومت کی جانب سے کسی باضابطہ یقین دہانی کی تصدیق نہیں ہوئی۔

ملاقات کے بعد وزیراعظم ہاؤس سے روانگی کے بعد چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان اور اسد قیصر نے مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس دوران ملکی سیاسی حالات اور وزیراعظم کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جے یو آئی کے ترجمان کے مطابق مولانا فضل الرحمان وزیراعظم کی دعوت پر ملاقات کے لیے گئے تھے۔ ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم ہاؤس روانگی سے قبل انہوں نے پی ٹی آئی قیادت کو بھی اعتماد میں لیا تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس سے قبل مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا تھا، انہیں عمرے کی ادائیگی پر مبارک باد دی اور وزیراعظم ہاؤس آنے کی دعوت دی تھی۔

ملاقات میں جمعیت علمائے اسلام کے وفد میں سینیٹر مولانا عطاء الحق درویش، مولانا لطف الرحمان اور سینیٹر کامران مرتضیٰ بھی شامل تھے۔

سیاسی حلقوں میں اس ملاقات کو حکومت اور اپوزیشن کے درمیان رابطوں کی بحالی کی کوششوں کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے، تاہم مذاکرات کے دوبارہ آغاز اور ایمرجنسی سے متعلق کسی حتمی فیصلے کا باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔

Leave a reply