
لندن: انگلینڈ کے معروف فاسٹ بولر مارک ووڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
مارک ووڈ نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ مسلسل انجریز اور طبی مسائل کے باعث ان کے لیے ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ میں مزید انگلینڈ کی نمائندگی کرنا ممکن نہیں رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہر مرتبہ انجری کے بعد واپسی کی کوشش کی اور خود کو دوبارہ ثابت کرنے کے لیے بھرپور جدوجہد کی، تاہم اس بار حالات ان کے حق میں نہیں رہے۔
مارک ووڈ نے انگلینڈ کی نمائندگی کو اپنے کیریئر کا سب سے بڑا اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم کے لیے کھیلنا ان کا خواب تھا۔
36 سالہ فاسٹ بولر نے 2015 میں نیوزی لینڈ کے خلاف لارڈز میں اپنا انٹرنیشنل ڈیبیو کیا تھا۔ اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے انگلینڈ کی جانب سے 38 ٹیسٹ، 70 ون ڈے اور 38 ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیلے۔
ٹیسٹ کرکٹ میں مارک ووڈ کے نام 119 وکٹیں ہیں، جبکہ وہ 2019 میں انگلینڈ کی پہلی ون ڈے ورلڈ کپ فتح کا حصہ بھی رہے۔ اس عالمی کپ میں انہوں نے 18 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
مارک ووڈ نے اپنے کیریئر میں آسٹریلیا کے خلاف ایشز سیریز میں بھی انگلینڈ کی نمائندگی کی اور اپنی تیز رفتار گیند بازی کے باعث خاص شناخت بنائی۔
ان کی ریٹائرمنٹ کے ساتھ انگلینڈ کی کرکٹ میں ایک ایسے فاسٹ بولر کا انٹرنیشنل سفر اختتام پذیر ہوگیا جس کی رفتار اور جارحانہ انداز نے طویل عرصے تک شائقین کی توجہ حاصل کیے رکھی۔








