حکومت اور پیٹرولیم ڈیلرز میں معاملات طے، فیول ریلیف پیکج پر عملدرآمد شروع

0
18
حکومت اور پیٹرولیم ڈیلرز میں معاملات طے، فیول ریلیف پیکج پر عملدرآمد شروع

اسلام آباد: حکومت اور پیٹرولیم ڈیلرز کے درمیان فیول ریلیف پیکج کی ادائیگی کے طریقہ کار پر اتفاق ہوگیا، جس کے بعد پیکج سے متعلق جاری ڈیڈلاک ختم ہوگیا ہے۔

مذاکرات کے دوران حکومت کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی کہ ریلیف پیکج کے تحت واجب الادا رقم اسٹیٹ بینک کے ذریعے ڈیلرز کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی جائے گی۔ ادائیگی کے لیے ایک آن لائن پورٹل بھی قائم کردیا گیا ہے۔

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں کے مطابق حکومت نے طے شدہ فارمولے کے تحت رقم 48 گھنٹوں کے اندر منتقل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، جبکہ ادائیگی کے طریقہ کار سے متعلق باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

مذاکرات میں وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سمیت متعلقہ حکام اور پیٹرولیم ڈیلرز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈیلرز کو درپیش ادائیگیوں سے متعلق معاملات پر بھی گفتگو ہوئی۔

پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق حکومت نے آئندہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔

دوسری جانب آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نعمان علی بٹ نے بھی مذاکرات میں پیش رفت کی تصدیق کی۔ ان کے مطابق سبسڈی کی رقم کی واپسی اسٹیٹ بینک کے ذریعے ہوگی اور ادائیگی کے لیے قائم پورٹل استعمال کیا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ ڈیلرز کو فیول سبسڈی اسکیم پر بنیادی اعتراض نہیں تھا، اصل مسئلہ سبسڈی کی رقم کی واپسی کے طریقہ کار سے متعلق تھا، جس پر اب حکومت اور ڈیلرز کے درمیان اتفاق ہوگیا ہے۔

معاملات طے پانے کے بعد پیٹرولیم ڈیلرز نے فیول ریلیف پیکج پر عملدرآمد شروع کردیا ہے۔

Leave a reply