پنجاب، خیبرپختونخوا میں مون سون کا آخری اسپیل، اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

0
0
پنجاب، خیبرپختونخوا میں مون سون کا آخری اسپیل، اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کے آخری سلسلے کی پیشگوئی کے بعد متعلقہ اداروں کو الرٹ کردیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ 17 ستمبر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

پنجاب میں راولپنڈی، جہلم، چکوال، اٹک، لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ اور نارووال سمیت متعدد اضلاع میں بارش متوقع ہے۔ اس دوران راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد کے شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے اور اربن فلڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔

مری سمیت پنجاب کے دیگر پہاڑی علاقوں میں شدید بارش کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی موجود ہے۔ پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری انتظامات مکمل رکھنے اور حساس مقامات پر خصوصی نگرانی کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ بالائی علاقوں میں 14 سے 17 ستمبر کے دوران موسلادھار بارش کے باعث فلیش فلڈ کا خطرہ ہے۔

چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ پشاور، مردان اور صوابی کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔

پنجاب کے دیگر متاثرہ علاقوں میں خوشاب، میانوالی، نورپور تھل، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور ملحقہ علاقوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ممکنہ بارشوں کے پیش نظر نکاسی آب، امدادی سرگرمیوں اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات مکمل رکھے جائیں تاکہ شہریوں کو کسی بھی ممکنہ نقصان سے محفوظ رکھا جاسکے۔

Leave a reply