فالج کا خطرہ بڑھ رہا ہے؟ یہ 7 غذائیں آپ کی جان بچا سکتی ہیں

0
15
فالج کا خطرہ بڑھ رہا ہے؟ یہ 7 غذائیں آپ کی جان بچا سکتی ہیں

فالج ایک سنگین طبی حالت ہے جس میں بروقت علاج نہ ملنے پر جان کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ یہ بیماری اس وقت ہوتی ہے جب دماغ کو خون کی فراہمی متاثر ہو جائے۔ اس کی دو بڑی اقسام ہیں: ایک میں دماغی شریان پھٹ جاتی ہے جسے برین ہیمرج کہا جاتا ہے، جبکہ دوسری میں خون کی نالی بند ہو جاتی ہے اور دماغ کو آکسیجن کی فراہمی رک جاتی ہے، جس سے دماغی خلیات کو نقصان پہنچتا ہے۔

ماہرین کے مطابق فالج کا خطرہ ہر فرد کے لیے مختلف ہوتا ہے، تاہم عمر بڑھنے کے ساتھ یہ خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ 55 سال کے بعد ہر اضافی دہائی میں فالج کا امکان تقریباً دو گنا ہو جاتا ہے۔ اس کے علاوہ ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر، موٹاپا اور کولیسٹرول کی زیادتی بھی اس بیماری کے خطرات میں اضافہ کرتی ہیں۔

اچھی خبر یہ ہے کہ روزمرہ خوراک میں کچھ صحت بخش غذاؤں کو شامل کر کے فالج کے خطرے کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

سبز پتوں والی سبزیاں جیسے پالک اور ساگ میں ایسے قدرتی اجزا موجود ہوتے ہیں جو جسم میں نائٹریٹ کو نائٹرک آکسائیڈ میں تبدیل کرتے ہیں۔ یہ مرکب خون کی روانی بہتر بنانے اور بلڈ پریشر کو متوازن رکھنے میں مدد دیتا ہے۔ تحقیق کے مطابق ان سبزیوں کا باقاعدہ استعمال فالج کے خطرے میں نمایاں کمی لا سکتا ہے۔

اخروٹ بھی دل اور دماغی صحت کے لیے فائدہ مند سمجھا جاتا ہے۔ اس میں اومیگا 3 فیٹی ایسڈز، اینٹی آکسیڈنٹس اور دیگر غذائی اجزا شامل ہوتے ہیں جو سوزش کم کرنے، خون کی گردش بہتر بنانے اور بلڈ پریشر کو کنٹرول رکھنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

ترش پھل جیسے مالٹے اور لیموں وٹامن سی، فولیٹ، پوٹاشیم اور فلیونوئڈز سے بھرپور ہوتے ہیں۔ یہ اجزا جسم میں سوزش کم کرتے ہیں اور خون کی نالیوں کی صحت بہتر بنانے میں کردار ادا کرتے ہیں، جس سے فالج کا خطرہ کم ہو سکتا ہے۔

مچھلی میں موجود اومیگا 3 فیٹی ایسڈز خون کی روانی بہتر اور سوزش کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ تحقیق کے مطابق ہفتے میں کم از کم ایک بار مچھلی کا استعمال فالج کے خطرے کو کم کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔

دہی بھی صحت بخش غذاؤں میں شمار ہوتا ہے کیونکہ اس میں کیلشیم، پوٹاشیم اور پروبائیوٹکس موجود ہوتے ہیں جو دل اور شریانوں کی صحت کو بہتر رکھتے ہیں۔ کچھ مطالعات کے مطابق دہی اور دودھ کا معتدل استعمال دل اور دماغی امراض کے خطرے میں کمی لا سکتا ہے۔

زیتون کا تیل بھی صحت مند چکنائیوں کا بہترین ذریعہ ہے۔ اس کے باقاعدہ استعمال سے دل کی صحت بہتر ہوتی ہے اور فالج سمیت مختلف قلبی امراض کے امکانات کم ہو سکتے ہیں۔

اسی طرح سیب اور کیلے بھی فائبر، پوٹاشیم اور دیگر غذائی اجزا سے بھرپور ہوتے ہیں۔ یہ اجزا بلڈ پریشر کو متوازن رکھنے اور شریانوں کی صحت بہتر بنانے میں مدد دیتے ہیں، جس سے فالج کے خطرات میں کمی آ سکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق متوازن غذا اور صحت مند طرزِ زندگی فالج سے بچاؤ میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔

Leave a reply