فونٹ کے انتخاب پر بھی اے آئی کا شبہ، تخلیق کار نئی مشکل میں پھنس گئے

0
27
فونٹ کے انتخاب پر بھی اے آئی کا شبہ، تخلیق کار نئی مشکل میں پھنس گئے

مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے بڑھتے ہوئے استعمال نے ڈیجیٹل دنیا میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ اب صرف تصاویر اور تحریروں ہی نہیں بلکہ ڈیزائن میں استعمال ہونے والے عام فونٹس کو بھی اے آئی سے جوڑا جانے لگا ہے، جس کے باعث فنکاروں، ڈیزائنرز اور مصنفین کو اپنی تخلیقات کی اصلیت ثابت کرنے جیسے مسائل کا سامنا ہے۔

اس رجحان کی ایک مثال امریکی خود اشاعت کرنے والی مصنفہ ٹی ایم کرک ہیں، جنہیں سوشل میڈیا پر اپنی ایک پوسٹ میں استعمال کیے گئے فونٹ کی وجہ سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ بعض صارفین نے محض فونٹ اور ڈیزائن کے انداز کو دیکھ کر ان کے کام کو مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ قرار دے دیا، حالانکہ ان کے مطابق پوسٹ میں اے آئی کے استعمال کی کوئی علامت موجود نہیں تھی۔

ماہرین اور ڈیزائنرز کی توجہ اب بعض مخصوص فونٹس کی طرف بھی مبذول ہو رہی ہے۔ ان میں ’انٹر‘ اور برش اسٹائل سے مشابہ ’روڈ ریج‘ فونٹ شامل ہیں، جنہیں بعض صارفین اے آئی سے تیار کردہ گرافکس کے ساتھ منسلک کرتے ہیں۔ تاہم کسی فونٹ کا استعمال اس بات کا ثبوت نہیں کہ متعلقہ ڈیزائن مصنوعی ذہانت سے بنایا گیا ہے۔

اے آئی سے تیار ہونے والے کم معیار اور بڑی تعداد میں تخلیق کیے گئے مواد کو انٹرنیٹ پر ’اے آئی سلاپ‘ کہا جاتا ہے۔ اس اصطلاح کے باعث صارفین اب ڈیزائن کی معمولی تفصیلات کو بھی مشکوک نظروں سے دیکھنے لگے ہیں۔

یہ رجحان لکھاریوں کو بھی متاثر کر رہا ہے۔ بعض مصنفین مخصوص الفاظ، طویل ڈیش اور تحریری انداز سے گریز کر رہے ہیں تاکہ ان کا کام مشینی تحریر محسوس نہ ہو۔

دوسری جانب فنکار اپنے ابتدائی خاکے، ڈیزائن کی مختلف پرتیں اور تخلیقی مراحل کی ویڈیوز شیئر کرکے اپنی محنت کا ثبوت دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ماہرین کے مطابق فونٹس کی بنیاد پر اے آئی کی شناخت کرنا درست طریقہ نہیں، کیونکہ یہی انداز انسانی تخلیق کار بھی استعمال کرتے ہیں۔ اس غیر یقینی صورتحال سے بالخصوص آزاد فنکاروں اور خود کتابیں شائع کرنے والے مصنفین کے لیے مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔

Leave a reply