
پاکستان میں ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور ملک میں 18 سال سے زائد عمر کے تقریباً 33.5 فیصد افراد اس مرض کا شکار ہیں۔ ماہرین صحت نے غیر متوازن خوراک اور غیر فعال طرزِ زندگی کو ذیابیطس کے پھیلاؤ کی اہم وجوہات قرار دیا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق حیدرآباد میں ہر پانچ میں سے ایک شخص ذیابیطس میں مبتلا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بروقت تشخیص اور احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے کی صورت میں یہ بیماری سنگین طبی مسائل پیدا کرسکتی ہے۔
ڈاکٹرز کے مطابق ذیابیطس صرف خون میں شوگر کی سطح بڑھنے یا انسولین کی کمی تک محدود نہیں بلکہ اس کے باعث آنکھوں، گردوں اور دل سمیت جسم کے مختلف اعضا متاثر ہونے کا خدشہ بھی بڑھ جاتا ہے۔
ماہرین صحت نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ روزانہ کم از کم 30 منٹ چہل قدمی کو اپنے معمول کا حصہ بنائیں، متوازن اور گھر کا تیار کردہ کھانا استعمال کریں اور غیر صحت بخش فاسٹ فوڈ سے گریز کریں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ باقاعدہ جسمانی سرگرمی، صحت مند غذا، وزن پر قابو اور بروقت طبی معائنہ ذیابیطس کے خطرات کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ ذیابیطس سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کے لیے ہر سال 14 نومبر کو عالمی یومِ ذیابیطس منایا جاتا ہے، جس کا مقصد عوام کو اس مرض سے بچاؤ، تشخیص اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں شعور دینا ہے۔









