بلوچستان: سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 36 دہشت گرد مارے گئے

0
14
بلوچستان: سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 36 دہشت گرد مارے گئے

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے 36 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مستونگ، کوئٹہ، قلات اور سبی میں دہشت گردوں کے خلاف متعدد آپریشنز کیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مستونگ میں کارروائی کے دوران 6 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ ان کے قبضے سے ملنے والا اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد بھی تلف کردیا گیا۔

کوئٹہ کے علاقے شعبان میں بھی سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاع پر کارروائی کی، جہاں دہشت گردوں کے 4 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ کارروائی کے نتیجے میں 26 دہشت گردوں کی ہلاکت کی اطلاع دی گئی ہے۔

اسی طرح قلات میں آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ سبی کے علاقے بھاگ میں سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں مزید 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 48 سے 72 گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں مجموعی طور پر 48 افراد ہلاک کیے گئے ہیں۔ فوج کے مطابق رواں سال بلوچستان میں مختلف آپریشنز کے دوران اب تک 1188 سے زائد دہشت گرد ہلاک ہوچکے ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملک میں انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جاری رکھنے کا عزم برقرار ہے۔

صدر اور وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان میں کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اپنے بیان میں صدرِ مملکت نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوششیں قابلِ تعریف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے قوم سیکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی کارروائی کو سراہتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کے افسران اور اہلکاروں کی تعریف کی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور دہشت گردوں کو اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

محسن نقوی کی کارروائی پر فورسز کو مبارکباد

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی بلوچستان میں ہونے والی کارروائی کو سیکیورٹی فورسز کی اہم کامیابی قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور سیکیورٹی فورسز بلوچستان میں امن و امان کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ ان کے مطابق دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھی کارروائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

Leave a reply