
اسلام آباد: بجلی صارفین کے لیے ایک اور مشکل سامنے آگئی، نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں اضافہ کردیا۔
نیپرا کے فیصلے کے مطابق جولائی 2026 کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 2 روپے 6 پیسے اضافہ کیا گیا ہے۔ یہ اضافی رقم ستمبر 2026 کے بجلی کے بلوں میں شامل کی جائے گی۔
اس اضافے سے ملک بھر کے بجلی صارفین پر تقریباً 33 ارب روپے کا اضافی مالی بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب اپریل سے جون 2026 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمت میں مزید 52 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے۔ اس ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق ستمبر، اکتوبر اور نومبر 2026 کے دوران ہوگا۔
نیپرا نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ سے متعلق فیصلہ وفاقی حکومت کو بھی ارسال کردیا ہے۔ اس مد میں صارفین سے تقریباً 12 ارب 67 کروڑ روپے اضافی وصول کیے جائیں گے۔
یوں ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کو یکجا کیا جائے تو بجلی صارفین پر مجموعی طور پر تقریباً 45 ارب 67 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ منتقل ہوگا۔
سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی ہوگا، جبکہ دونوں ایڈجسٹمنٹس کے باعث ستمبر سے نومبر تک صارفین کے بجلی بلوں میں اضافی رقم شامل ہوگی۔









