
لاہور: اٹلس ہونڈا نے پاکستان میں اپنی معروف موٹر سائیکل CG 125 کا 2026 کا نیا لائن اپ متعارف کرا دیا ہے۔ نئے ماڈلز میں بنیادی طور پر ڈیزائن، گرافکس اور صارفین کی سہولت کو مدنظر رکھا گیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے نئی سیریز کو “The Sound of Power” کے عنوان سے پیش کیا گیا ہے۔ اس مرتبہ انجن اور بنیادی مکینیکل ساخت میں نمایاں تبدیلیوں کے بجائے موٹر سائیکل کی ظاہری شکل اور استعمال میں آسانی پر توجہ دی گئی ہے۔
نئے لائن اپ میں روایتی کک اسٹارٹ CG 125 کو نئے گرافکس اور اسٹیکر ڈیزائن کے ساتھ برقرار رکھا گیا ہے، جبکہ صارفین کی سہولت کے لیے سیلف اسٹارٹ ورژن بھی شامل کیا گیا ہے۔
کمپنی نے ایک پریمیم ویریئنٹ بھی متعارف کرایا ہے، جس میں سرخ اور سیاہ رنگوں کے امتزاج کے ساتھ مختلف بیرونی ڈیزائن دیا گیا ہے، جس کا مقصد موٹر سائیکل کو زیادہ جدید اور نمایاں شکل دینا ہے۔
نئی سیریز کے ماڈلز میں 124 سی سی، فور اسٹروک انجن دیا گیا ہے جبکہ فیول ٹینک کی گنجائش 9.2 لیٹر ہے۔
قیمت کی بات کی جائے تو نئے لائن اپ کے اسٹینڈرڈ CG 125 ماڈل کی قیمت 2 لاکھ 38 ہزار 500 روپے مقرر کی گئی ہے۔ دیگر ویریئنٹس کی قیمتیں اضافی سہولیات اور ڈیزائن کے مطابق زیادہ رکھی گئی ہیں۔
نئے ماڈلز کی آمد کے بعد ہونڈا CG 125 کے شوقین صارفین کو روایتی ماڈل کے ساتھ سیلف اسٹارٹ اور زیادہ پریمیم ڈیزائن کا انتخاب بھی دستیاب ہوگا۔









