
کراچی: پاکستان میں سونے کی قیمت میں کمی کا سلسلہ آج بھی برقرار رہا، جہاں فی تولہ سونا مزید 800 روپے سستا ہوگیا۔
صرافہ مارکیٹ کے مطابق تازہ کمی کے بعد ایک تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ 65 ہزار 336 روپے پر آگئی ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت بھی 686 روپے کم ہوکر 3 لاکھ 98 ہزار 950 روپے ہوگئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی سونے کی فی تولہ قیمت میں 1,800 روپے کی نمایاں کمی ہوئی تھی، جس کے بعد مسلسل دوسرے روز بھی قیمت نیچے آئی ہے۔
دوسری جانب ملک میں چاندی کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔ ایک تولہ چاندی 50 روپے سستی ہوکر 7 ہزار 129 روپے جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 43 روپے کمی کے بعد 6 ہزار 111 روپے ہوگئی۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں کمی دیکھی گئی ہے۔ فی اونس سونا 8 ڈالر کم ہوکر 4 ہزار 428 ڈالر پر آگیا، جبکہ چاندی کی عالمی قیمت 50 سینٹ کمی کے بعد 66.50 ڈالر فی اونس ریکارڈ کی گئی۔
ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر سونے کی قیمت، ڈالر کی قدر، شرحِ سود سے متعلق توقعات اور سرمایہ کاروں کے رویے جیسے عوامل پاکستان میں قیمتی دھاتوں کی قیمتوں کو متاثر کرتے ہیں۔
اگر عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں مزید کمی ہوتی ہے تو مقامی صرافہ مارکیٹ میں بھی اس کے اثرات سامنے آنے اور سونا مزید سستا ہونے کا امکان ہے۔








