واٹس ایپ کے صارفین کیلئے 3 نئے سکیورٹی فیچرز متعارف

0
1
واٹس ایپ کے صارفین کیلئے 3 نئے سکیورٹی فیچرز متعارف

واٹس ایپ نے صارفین کے اکاؤنٹس کو مزید محفوظ بنانے کیلئے تین نئے سکیورٹی فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی کے مطابق ان سہولیات کا مقصد اکاؤنٹس کو ہیکنگ اور غیر مجاز رسائی سے بچانے میں مدد فراہم کرنا ہے۔

نئے فیچرز میں ٹو اسٹیپ ویریفکیشن، پاس کیز اور نامعلوم نمبرز سے آنے والی کالز کی اضافی معلومات شامل ہیں۔

ٹو اسٹیپ ویریفکیشن کو مزید مضبوط بناتے ہوئے صارفین کو روایتی چھ ہندسوں کے پن کے بجائے زیادہ طویل اور حروف و نمبرز پر مشتمل پاس ورڈ استعمال کرنے کی سہولت دی جائے گی، جس سے اکاؤنٹ کی سکیورٹی بہتر ہونے کی توقع ہے۔

اس کے علاوہ پاس کیز کے نظام میں بھی بہتری کی جا رہی ہے۔ اب صارفین ایک ہی واٹس ایپ اکاؤنٹ کے ساتھ ایک سے زیادہ پاس کیز منسلک کر سکیں گے۔ یہ سہولت خاص طور پر ان افراد کیلئے مفید ہوگی جو مختلف آپریٹنگ سسٹمز، مثلاً اینڈرائیڈ اور آئی او ایس، استعمال کرتے ہیں۔

تیسری سہولت اینڈرائیڈ صارفین کیلئے ہے۔ اس کے ذریعے ایسے نمبرز سے موصول ہونے والی کالز کے بارے میں اضافی معلومات دیکھی جا سکیں گی جو صارف کی کانٹیکٹ لسٹ میں شامل نہیں۔ مثال کے طور پر یہ معلوم کیا جا سکے گا کہ نمبر کسی دوسرے ملک کا ہے یا کال کرنے والا کسی ایسے گروپ کا رکن ہے جس میں صارف بھی شامل ہے۔

کمپنی کے مطابق نئے فیچرز کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے اور آنے والے ہفتوں میں یہ سہولیات دنیا بھر کے صارفین کیلئے دستیاب کر دی جائیں گی۔

Leave a reply