ایران سے منسلک ہیکرز کا برطانیہ کے چھوٹے پاور پلانٹ پر سائبر حملہ

لندن: ایران سے منسلک ہیکرز نے مبینہ طور پر برطانیہ کے ایک چھوٹے بجلی گھر کو سائبر حملے کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں پلانٹ تقریباً چار روز تک بند رہا۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق واقعہ گزشتہ ماہ پیش آیا۔ حملے کے بعد پلانٹ کو دوبارہ فعال کرنے میں عملے کو کئی دن لگے، تاہم سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر حکام نے متاثرہ بجلی گھر کی شناخت ظاہر نہیں کی۔
حکام کے مطابق متاثرہ پلانٹ کا حجم بہت محدود ہے اور قومی گرڈ کی مجموعی پیداواری صلاحیت میں اس کا حصہ انتہائی معمولی ہے۔ اس لیے اس کی بندش سے ملک بھر میں بجلی کی فراہمی متاثر نہیں ہوئی اور نہ ہی وسیع تر توانائی کے نظام کو کوئی خطرہ لاحق ہوا۔
برطانیہ میں کئی چھوٹے بجلی گھر قومی گرڈ سے منسلک ہیں، جنہیں طلب بڑھنے یا قابلِ تجدید ذرائع سے بجلی کی پیداوار کم ہونے کی صورت میں ضرورت کے مطابق استعمال کیا جاتا ہے۔ ایسے کسی پلانٹ کی چند روزہ بندش کا مجموعی نظام پر نمایاں اثر نہیں پڑتا۔
واقعے کی اطلاع برطانیہ کے نیشنل سائبر سیکیورٹی سینٹر (NCSC) کو بھی دی گئی، تاہم ادارے نے مخصوص حملے پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔
برطانوی حکومت نے واقعے کے بعد توانائی کے شعبے سے وابستہ کمپنیوں کے سربراہان کو صورتحال سے آگاہ کیا اور سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے مزید احتیاطی اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔
حکومت کا کہنا ہے کہ برطانیہ کا توانائی کا بنیادی ڈھانچہ مضبوط ہے اور سائبر خطرات سے نمٹنے کے لیے متعلقہ ادارے اور توانائی کمپنیاں مسلسل سیکیورٹی اقدامات بہتر بنا رہے ہیں۔









