ایل پی جی مہنگی ہونے کے بعد اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ، شہری پریشان

0
18
ایل پی جی مہنگی ہونے کے بعد اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ، شہری پریشان

ملک میں ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اشیائے خورونوش بھی مہنگی ہونے لگیں، جس کے باعث عوام کو روزمرہ ضروریات پوری کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

اطلاعات کے مطابق مختلف شہروں میں آٹے اور دالوں کی قیمتوں میں فی کلو 50 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ مرغی کا گوشت بھی 100 روپے فی کلو تک مہنگا ہوگیا ہے۔

لاہور میں ایل پی جی کی متعدد دکانیں بند ہونے کی اطلاعات ہیں، جبکہ مختلف شہروں میں ایل پی جی کی قیمت 550 سے 650 روپے کے درمیان بتائی جا رہی ہے۔

دوسری جانب بلوچستان کے مختلف اضلاع میں گندم اور آٹے کی قلت نے صورتحال کو مزید تشویش ناک بنا دیا ہے۔ خضدار، چاغی، واشک اور کیچ سمیت کئی علاقوں میں 50 کلو آٹے کی بوری کی قیمت 8 ہزار روپے سے تجاوز کرگئی ہے۔

کوئٹہ میں بھی مہنگائی کے اثرات نمایاں ہیں، جہاں سبزیوں، گوشت اور دودھ کی قیمتوں میں 20 فیصد تک اضافے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

اشیائے ضروریہ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے، اشیائے خورونوش کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے اور مہنگائی سے ریلیف دینے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

Leave a reply