زیادتی کا الزام، ڈکیتی کی کہانی اور مالی تنازع؛ ملتان کیس کا ڈراپ سین

0
20
زیادتی کا الزام، ڈکیتی کی کہانی اور مالی تنازع؛ ملتان کیس کا ڈراپ سین

ملتان (نیوز ڈیسک) ملتان میں شوہر اور بچوں کے ہمراہ سفر کرنے والی خاتون سے مبینہ زیادتی اور ڈکیتی کے واقعے کی تحقیقات میں پولیس نے اسے منصوبہ بندی کے تحت تیار کیا گیا ڈرامہ قرار دیا ہے۔ پولیس کے مطابق ایک مالی تنازع کے باعث مخالف فریق کو پھنسانے کے لیے یہ منصوبہ بنایا گیا تھا۔

پولیس حکام کے مطابق عابد نامی شخص کا ایک فریق کے ساتھ مالی لین دین کا تنازع چل رہا تھا۔ الزام ہے کہ اس نے سعد نامی شخص اور اس کی اہلیہ کو 2 لاکھ 40 ہزار روپے دے کر مبینہ طور پر ڈکیتی اور زیادتی کی جھوٹی کہانی تیار کروائی، تاکہ متعلقہ شخص کو قانونی کارروائی میں الجھایا جاسکے۔

پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈکیتی اور زیادتی کا مقدمہ درج کیا گیا، تاہم ابتدائی طبی معائنے اور تکنیکی شواہد کی جانچ کے دوران پولیس کو واقعے کے خود ساختہ ہونے کے شواہد ملے۔

حکام کا کہنا ہے کہ مزید تفتیش کے لیے جب میاں بیوی سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تو ان کے موبائل فون بند پائے گئے۔ بعد ازاں جیو فینسنگ کے ذریعے عابد سے ان کے رابطوں کا پتا چلا۔ پولیس کے مطابق عابد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی گئی تو اس نے مبینہ طور پر مالی تنازع کے باعث مخالف فریق کو پھنسانے کے منصوبے کا اعتراف کیا۔

پولیس نے مقدمے کے مبینہ طور پر جھوٹا اندراج کروانے کے الزام میں عابد اور میاں بیوی کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے۔ عابد کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جبکہ سعد اور اس کی اہلیہ کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

اینٹی ریپ ایکٹ کے تحت مزید مقدمات

پولیس کے مطابق اس معاملے کے علاوہ بھی گزشتہ چھ سے آٹھ ماہ کے دوران مبینہ طور پر زیادتی کے جھوٹے مقدمات درج کروانے کے تین دیگر واقعات سامنے آئے ہیں۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ ان مقدمات میں دورانِ سماعت فریقین کے درمیان صلح ہوگئی تھی اور انہیں مبینہ طور پر بلیک میلنگ کے لیے استعمال کیا گیا۔

پولیس نے ان واقعات کے حوالے سے اینٹی ریپ ایکٹ کے تحت الگ سے تین مقدمات بھی درج کیے ہیں۔ حکام کے مطابق تمام معاملات میں قانونی کارروائی اور تحقیقات جاری ہیں۔

Leave a reply