
کراچی، 21 اگست 2026: نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (NEOC) کے مطابق کراچی کے 6 اضلاع سے لیے گئے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔
حکام کے مطابق وائرس کراچی وسطی، شرقی، کیماڑی، ملیر، جنوبی اور غربی کے ماحولیاتی نمونوں میں پایا گیا۔ جون کے دوران ان اضلاع کے نمونوں میں پولیو وائرس کی نشاندہی نہیں ہوئی تھی۔
نیشنل ای او سی کے مطابق سندھ کے ضلع کشمور کے ماحولیاتی نمونے میں بھی جولائی کے دوران پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔
بلوچستان کے چمن، ڈیرہ بگٹی اور کوئٹہ جبکہ خیبرپختونخوا کے بنوں اور پشاور سے حاصل کیے گئے ماحولیاتی نمونوں میں بھی وائرس کی موجودگی سامنے آئی ہے۔ پنجاب کے راولپنڈی میں بھی جولائی کے دوران ماحولیاتی نمونے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔
ماحولیاتی نمونوں میں وائرس کی موجودگی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ متعلقہ علاقوں میں وائرس کی گردش کا خطرہ موجود ہے، جس کے باعث بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔









