پارسل کی جعلی کالز کے ذریعے واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیک کرنے کا نیا سائبر فراڈ سامنے آگیا

0
19
پارسل کی جعلی کالز کے ذریعے واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیک کرنے کا نیا سائبر فراڈ سامنے آگیا

کراچی: پارسل کی ترسیل کے نام پر شہریوں کے واٹس ایپ اکاؤنٹس کا کنٹرول حاصل کرکے ان کے قریبی افراد سے رقم بٹورنے والا سائبر فراڈ سامنے آیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جعل ساز خود کو معروف کورئیر کمپنی کا نمائندہ ظاہر کرکے شہریوں سے رابطہ کرتے ہیں اور انہیں بتایا جاتا ہے کہ ان کا پارسل ڈیلیوری کے لیے موجود ہے۔ ملزمان پتے کی تصدیق یا پارسل کی ترسیل مکمل کرنے کے بہانے متاثرہ شخص کے موبائل نمبر پر موصول ہونے والا ایک تصدیقی کوڈ طلب کرتے ہیں۔

جیسے ہی شہری واٹس ایپ پر موصول ہونے والا تصدیقی کوڈ کال کرنے والے شخص کو فراہم کرتا ہے، ملزمان اس نمبر پر اپنے موبائل فون میں واٹس ایپ رجسٹر کرکے اکاؤنٹ کا کنٹرول حاصل کرلیتے ہیں۔

اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کرنے کے بعد جعل ساز متاثرہ شخص کے واٹس ایپ رابطوں کو پیغامات بھیج کر خود کو مشکل میں ظاہر کرتے ہیں اور فوری مالی مدد کے نام پر رقم طلب کرتے ہیں۔

سائبر سیکیورٹی ماہرین شہریوں کو خبردار کرتے ہیں کہ واٹس ایپ کا تصدیقی کوڈ، پن یا دیگر حساس معلومات کسی بھی غیر متعلقہ شخص کے ساتھ شیئر نہ کریں۔ پارسل یا ڈیلیوری سے متعلق کسی بھی کال کی صورت میں متعلقہ کورئیر کمپنی کے سرکاری ذرائع سے تصدیق کرنا ضروری ہے۔

Leave a reply