سلمیٰ آغا نے پاکستانی شہریت سے صاف انکار کر دیا، وجہ کیا نکلی؟

0
10
سلمیٰ آغا نے پاکستانی شہریت سے صاف انکار کر دیا، وجہ کیا نکلی؟

سینئر اداکارہ و گلوکارہ سلمیٰ آغا ایک بار پھر اپنے حالیہ بیان کے باعث سوشل میڈیا پر زیرِ بحث ہیں۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے اپنی شہریت کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس کبھی پاکستانی شہریت نہیں رہی۔
سلمیٰ آغا کے مطابق ان کا خاندان برطانیہ منتقل ہو گیا تھا اور ان کے پاس برطانوی پاسپورٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انہوں نے ایک پروفیشنل فنکار کی حیثیت سے کام کیا اور یہاں ان کا تجربہ خوشگوار رہا۔
اداکارہ نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ بھارتی شہری بھی نہیں ہیں۔ ان کے مطابق بھارت نے انہیں 2017 میں پرسن آف انڈین اوریجن (PIO) کارڈ جاری کیا تھا، جس کی بنیاد ان کی دادی کا تعلق امرتسر سے ہونا بتایا گیا۔
سلمیٰ آغا کا کہنا تھا کہ انہیں بھارت میں عزت اور پذیرائی ملی اور وہ وہاں جا کر خود کو خوش محسوس کرتی ہیں۔
ان کے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف آرا سامنے آئیں۔ بعض صارفین نے ان کے پاکستان سے دیرینہ تعلق اور پاکستانی فلم انڈسٹری میں خدمات کا حوالہ دیتے ہوئے سوالات اٹھائے، جبکہ کچھ صارفین نے ان کے مؤقف کو ان کی قانونی شہریت سے متعلق وضاحت قرار دیا۔
سلمیٰ آغا نے ماضی میں پاکستان اور بھارت دونوں کی فلمی صنعتوں میں کام کیا ہے اور پاکستانی فلموں میں ان کی اداکاری اور گلوکاری کو خاصی شہرت حاصل رہی ہے۔ ان کا حالیہ بیان ایک بار پھر ان کی شہریت، خاندانی پس منظر اور دونوں ممالک سے وابستگی کے حوالے سے بحث کا سبب بن گیا ہے۔

Leave a reply