عمران خان شفا اسپتال سے طبی معائنے کے بعد اڈیالہ جیل واپس منتقل

0
8
عمران خان شفا اسپتال سے طبی معائنے کے بعد اڈیالہ جیل واپس منتقل

راولپنڈی: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال میں طبی معائنے کے بعد دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔

جیل ذرائع کے مطابق عمران خان کو گزشتہ رات طبی معائنے کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال لے جایا گیا تھا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کا معائنہ کیا۔ بعد ازاں انہیں سخت سیکیورٹی میں واپس اڈیالہ جیل پہنچایا گیا اور جیل کمپاؤنڈ میں منتقل کردیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر عمران خان کو اسپتال میں داخل کرنے کی ضرورت پیش آتی تو اس حوالے سے انتظامات پہلے ہی مکمل کرلیے گئے تھے۔ اسپتال منتقلی سے قبل اڈیالہ جیل میں ضروری قانونی کارروائی بھی مکمل کی گئی تھی۔

میڈیکل بورڈ میں شامل ڈاکٹر عظمیٰ اور ڈاکٹر فیصل نے بھی جیل پہنچ کر عمران خان کا طبی معائنہ کیا تھا۔ ان کی اسپتال منتقلی کے دوران سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے جبکہ بعض راستوں پر ٹریفک کی روانی بھی محدود کی گئی۔

یہ پیش رفت سپریم کورٹ کی جانب سے عمران خان کو صحت اور علاج سے متعلق کیس میں شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کے حکم کے بعد سامنے آئی۔ عدالت نے ان کے مکمل طبی ریکارڈ کی فراہمی اور مختلف شعبوں کے ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت کی تھی۔

عدالت نے اہل خانہ کو ہفتے میں ایک ملاقات جبکہ عمران خان کو اپنے بیٹوں سے ہفتے میں دو مرتبہ فون پر بات کرنے کی اجازت دینے کی بھی ہدایت کی تھی۔

سپریم کورٹ نے طبی رپورٹس کو میڈیا میں جاری کرنے اور اسپتال کے باہر عوامی اجتماع سے بھی گریز کرنے کا حکم دیا تھا۔ کیس کی مزید سماعت 16 ستمبر 2026 کو ہوگی۔

Leave a reply