ہیلمٹ نہ پہننے والوں کی موٹرسائیکل ایک روز کے لیے تحویل میں رکھنے کا فیصلہ

0
12
ہیلمٹ نہ پہننے والوں کی موٹرسائیکل ایک روز کے لیے تحویل میں رکھنے کا فیصلہ

لاہور: پنجاب حکومت نے ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد اور شہریوں کی جانوں کے تحفظ کے لیے بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے والوں کے خلاف سخت اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔
حکام کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر لاہور میں ہیلمٹ کے استعمال کو یقینی بنانے کے لیے ٹریفک پولیس نے خصوصی مہم شروع کر دی ہے۔ نئے اقدامات کے تحت بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلاتے ہوئے پکڑے جانے والے افراد کا چالان کیا جائے گا، جبکہ ان کی موٹرسائیکل بھی ایک دن کے لیے تحویل میں رکھی جا سکتی ہے۔
اس کے علاوہ لین لائن کی خلاف ورزی کرنے والے موٹرسائیکل سواروں کے خلاف بھی کارروائی جاری ہے، اور متعلقہ قوانین کے مطابق ان کی گاڑیاں بھی تحویل میں لی جا رہی ہیں۔
ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران مختلف ٹریفک خلاف ورزیوں پر 20 ہزار سے زائد موٹرسائیکلیں تحویل میں لی جا چکی ہیں۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی اور دوسروں کی حفاظت کے لیے ہیلمٹ کا لازمی استعمال کریں، ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کو فروغ دیں۔

Leave a reply