گوگل میپس میں کھانا آرڈر کرنے کا نیا فیچر متعارف کرانے کی تیاری

0
0
گوگل میپس میں کھانا آرڈر کرنے کا نیا فیچر متعارف کرانے کی تیاری

گوگل اپنی مقبول نیوی گیشن سروس گوگل میپس میں ایک نئے فیچر پر کام کر رہا ہے، جس کے ذریعے صارفین مستقبل میں ایپ کے اندر رہتے ہوئے کھانے کا آرڈر بھی دے سکیں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گوگل میپس کے اینڈرائیڈ ورژن کے تازہ ترین کوڈ میں ایسے اشارے ملے ہیں جو اس نئے فیچر کی تیاری کی جانب اشارہ کرتے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ صارفین مصنوعی ذہانت (AI) سے گفتگو کرتے ہوئے قریبی ریسٹورنٹس سے کھانے کا آرڈر دے سکیں گے، جس سے سفر کے دوران بھی آرڈر کرنا آسان ہو جائے گا۔

رپورٹس کے مطابق یہ سہولت گوگل میپس کے AI فیچر Ask Maps کے ساتھ مربوط ہو سکتی ہے، جہاں صارفین مختلف مقامات کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ فوڈ آرڈر کرنے کا آپشن بھی استعمال کر سکیں گے۔

ذرائع کے مطابق ایپ کے کوڈ میں ایسے بٹنوں کے آثار بھی ملے ہیں جو فوڈ آرڈر اور ممکنہ طور پر ڈرائیو اَپ (Drive-Up) سروس کی جانب اشارہ کرتے ہیں، جس کے ذریعے صارفین اپنا آرڈر مخصوص مقام سے وصول کر سکیں گے۔

گوگل اس سے قبل بھی اپنے ایک بلاگ میں عندیہ دے چکا ہے کہ مستقبل میں گوگل میپس کے ذریعے فوڈ آرڈر کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی، تاہم کمپنی نے اس فیچر کی باضابطہ دستیابی کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔

فی الحال یہ فیچر آزمائشی مرحلے میں دکھائی دیتا ہے، اس لیے یہ واضح نہیں کہ اسے دنیا بھر کے صارفین کے لیے کب تک متعارف کرایا جائے گا۔

Leave a reply