ایکس نے کمائی کا نیا پروگرام متعارف کرانے کا اعلان کردیا، اصل مواد بنانے والوں کو فائدہ ہوگا

0
0
ایکس نے کمائی کا نیا پروگرام متعارف کرانے کا اعلان کردیا، اصل مواد بنانے والوں کو فائدہ ہوگا

اسلام آباد: 11 اگست 2026 — سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس نے صارفین کے لیے اپنے موجودہ ریونیو شیئرنگ پروگرام میں بڑی تبدیلی کا اعلان کرتے ہوئے نیا Original Content Rewards پروگرام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکس کے مطابق نئے نظام کا مقصد ایسے صارفین کی حوصلہ افزائی کرنا ہے جو پلیٹ فارم پر اپنی تخلیقی صلاحیت، منفرد خیالات، مہارت، معلومات اور اصل رپورٹنگ کے ذریعے معیاری مواد پیش کرتے ہیں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ پلیٹ فارم پر پہلے سے موجود مقبول مواد کو شیئر کرنے کی اجازت برقرار رہے گی، تاہم مالی فائدہ حاصل کرنے کے لیے صارفین کو اصل اور نیا مواد تخلیق کرنا ہوگا۔

نئے نظام کے تحت دوسروں کی پوسٹس کے اسکرین شاٹس، ویڈیوز یا دیگر مواد کو معمولی تبدیلی کے ساتھ دوبارہ اپ لوڈ کرکے آمدنی حاصل کرنے کے رجحان کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔

ایکس نے واضح کیا ہے کہ موجودہ ریونیو شیئرنگ پروگرام 7 ستمبر 2026 تک جاری رہے گا، جبکہ 8 ستمبر سے Original Content Rewards پروگرام نافذ کردیا جائے گا۔

نئے پروگرام کے لیے بنیادی اہلیت میں ایکس کے متعلقہ سبسکرپشن پروگرام کا حصہ ہونا بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ صارف کے اکاؤنٹ پر کم از کم 500 ویریفائیڈ فالوورز ہونا ضروری ہوگا۔

صارف کو گزشتہ 90 دن کے دوران کم از کم 5 لاکھ ہوم ٹائم امپریشنز بھی حاصل کرنا ہوں گے۔

ایکس کے مطابق نئے پروگرام کا مرکزی مقصد پلیٹ فارم پر اصل اور معیاری مواد کی حوصلہ افزائی اور محض کاپی یا دوبارہ اپ لوڈ کیے گئے مواد سے کمائی کے رجحان کو محدود کرنا ہے۔

کمپنی صارفین کی اہلیت کا مسلسل جائزہ لے گی۔ گمراہ کن معلومات پھیلانے اور مصنوعی طریقوں یا اے آئی بوٹس کے ذریعے ویوز بڑھانے جیسے معاملات پر بھی نگرانی کی جائے گی۔

Leave a reply