
گوگل نے اپنے کروم ویب براؤزر میں ایک نیا اور مفید فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جس کا نام “اسکلز” رکھا گیا ہے۔ اس فیچر کا مقصد صارفین کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) چیٹ بوٹس کے لیے بار بار استعمال ہونے والے اور بہتر پرومپٹس آسانی سے تیار اور محفوظ کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
اکثر صارفین کو اے آئی ٹولز کے لیے مؤثر ہدایات (پرومپٹس) لکھنے میں مشکل پیش آتی ہے، خاص طور پر جب انہیں بار بار نئے جملے بنانے پڑیں۔ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے یہ نیا فیچر تیار کیا گیا ہے۔
“اسکلز” کے ذریعے صارفین اپنی پسندیدہ اور زیادہ استعمال ہونے والی پرومپٹس کو ایک کلک کے ذریعے محفوظ کر سکیں گے اور بعد میں انہیں دوبارہ استعمال کرنا آسان ہوگا۔ اس کے علاوہ ایک لائبریری بھی تیار کی جا رہی ہے جس میں عام اور کارآمد اے آئی ٹاسکس پہلے سے موجود ہوں گے تاکہ صارفین کو خود سے محنت نہ کرنی پڑے۔
اطلاعات کے مطابق یہ فیچر ابتدائی طور پر ان صارفین کے لیے دستیاب ہوگا جنہوں نے کروم براؤزر میں انگلش (US) کو بطور زبان سیٹ کیا ہوا ہے۔
صارفین اپنے محفوظ کردہ پرومپٹس تک شارٹ کٹ کے ذریعے رسائی حاصل کر سکیں گے اور انہیں ضرورت کے مطابق تبدیل یا نئے پرومپٹس بھی شامل کیے جا سکیں گے۔
یہ نیا اضافہ ان افراد کے لیے خاص طور پر فائدہ مند سمجھا جا رہا ہے جو روزمرہ بنیاد پر اے آئی چیٹ بوٹس کا استعمال کرتے ہیں۔









