گنتے گنتے 15 گھنٹے گزر گئے، مسجد کے چندہ بکسوں سے ریکارڈ رقم برآمد!

0
35
گنتے گنتے 15 گھنٹے گزر گئے، مسجد کے چندہ بکسوں سے ریکارڈ رقم برآمد!

ڈھاکہ: بنگلادیش کی معروف تاریخی پاگلا مسجد کے چندہ بکسوں سے ریکارڈ عطیات موصول ہوئے ہیں۔ چار ماہ اور 24 دن بعد کھولے جانے والے 15 چندہ بکسوں سے مجموعی طور پر 18 کروڑ 21 لاکھ 69 ہزار 517 بنگلادیشی ٹکہ برآمد ہوئے۔

بنگلادیشی میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلع کشور گنج میں واقع مسجد کے چندہ بکسوں سے نقد رقم کی 51 بوریاں حاصل ہوئیں، جن کی گنتی مکمل کرنے میں 500 سے زائد افراد نے حصہ لیا۔

عطیات کی گنتی کا عمل صبح شروع ہوا اور تقریباً 15 گھنٹے جاری رہنے کے بعد رات 10 بجے مکمل ہوا۔ اس دوران مدرسے کے طلبہ، بینک ملازمین، مسجد انتظامیہ اور ضلعی حکام نے خدمات انجام دیں۔

مسجد انتظامیہ کے مطابق نقد رقم کے علاوہ مختلف ممالک کی کرنسی اور سونے کے زیورات بھی چندہ بکسوں سے ملے۔ اس بار عطیات میں سونے کے چمچ اور پیالے بھی شامل تھے۔

پاگلا مسجد اپنے تاریخی تشخص اور بڑی تعداد میں ملنے والے عطیات کے باعث بنگلادیش میں خصوصی شہرت رکھتی ہے۔ یہاں وقفے وقفے سے چندہ بکس کھولے جاتے ہیں، جن میں عقیدت مند نقد رقم اور قیمتی اشیا جمع کراتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق اس سے قبل 27 جون 2026 کو چندہ بکس کھولے گئے تھے، جن سے 15 کروڑ 90 لاکھ 80 ہزار 146 ٹکہ حاصل ہوئے تھے۔ حالیہ وصولی نے سابقہ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

مسجد انتظامیہ کے مطابق جمع ہونے والے عطیات مذہبی سرگرمیوں، تعلیمی اداروں اور فلاحی منصوبوں پر خرچ کیے جاتے ہیں۔

Leave a reply