کیا انسان 150 سال زندہ رہ سکے گا؟ روس میں طویل عمری کی سائنسی تحقیق تیز

0
24
کیا انسان 150 سال زندہ رہ سکے گا؟ روس میں طویل عمری کی سائنسی تحقیق تیز

ماسکو: روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی بڑی بیٹی اور طبی محقق ماریہ فورونتسووا نے امید ظاہر کی ہے کہ طبی سائنس میں پیش رفت مستقبل میں انسانی عمر بڑھانے اور بڑھاپے کے اثرات کم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

ماسکو میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ماریہ فورونتسووا کا کہنا تھا کہ آئندہ 10 سے 20 برس کے دوران سائنس دان طویل عمری سے متعلق نئے طریقۂ علاج پر زیادہ توجہ دے سکتے ہیں۔ ان کے مطابق متوازن غذا، ورزش اور صحت مند طرزِ زندگی انسان کو زیادہ عرصے تک صحت مند رکھنے میں مدد دیتے ہیں، تاہم عمر کی قدرتی حدود سے آگے بڑھنے کے لیے جدید طبی تحقیق ضروری ہے۔

انسانی عمر میں اضافے کا موضوع روسی صدر پیوٹن کی دلچسپی کا بھی حصہ رہا ہے۔ گزشتہ سال بیجنگ میں چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ گفتگو کے دوران انسانی عمر 150 سال تک پہنچنے کے امکانات پر بھی بات ہوئی تھی۔

روس نے 2024 میں صحت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی اور تحقیق کو فروغ دینے کے لیے ایک قومی منصوبے کا اعلان کیا تھا۔ اس سلسلے میں جینیاتی علاج، خلیاتی تحقیق اور مصنوعی اعضاء کی تیاری جیسے شعبوں پر کام جاری ہے۔

تاہم ماہرین کے مطابق انسان کو ہمیشہ زندہ رکھنے کی ٹیکنالوجی ابھی دستیاب نہیں۔ فی الحال سائنسی توجہ عمر بڑھانے کے بجائے صحت مند زندگی کے دورانیے میں اضافے پر مرکوز ہے۔

Leave a reply