
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے کم آمدنی والے اور مستحق خاندانوں کی بیٹیوں کی شادی کے اخراجات میں مدد کے لیے دھی رانی پروگرام کا دوبارہ آغاز کر دیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت اہل دلہنوں کو 2 لاکھ روپے بطور سلامی فراہم کیے جائیں گے، جبکہ اجتماعی شادیوں کے انتظامات اور دیگر اخراجات بھی حکومت برداشت کرے گی۔
پنجاب سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ڈیپارٹمنٹ کے مطابق منتخب دلہنوں کو مالی امداد اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے دی جائے گی۔ حکومت نے مالی سال 2026-27 کے دوران مزید 5 ہزار مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادیاں کرانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
کون سی خواتین پروگرام سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں؟
دھی رانی پروگرام میں یتیم لڑکیوں، معذور خواتین، معذور افراد کی بیٹیوں اور مالی مشکلات کا شکار خاندانوں کو ترجیح دی جائے گی۔
اس اسکیم کے لیے چند بنیادی شرائط مقرر کی گئی ہیں:
– دلہن کی عمر 18 سے 40 سال کے درمیان ہو۔
– درخواست گزار کے پاس پنجاب کا درست ڈومیسائل موجود ہو۔
– دلہن غیر شادی شدہ ہو اور اس کا رشتہ طے ہو چکا ہو۔
– وہ حکومت کی جانب سے منعقدہ اجتماعی شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے رضامند ہو۔
– غیر شادی شدہ ہونے اور تقریب میں شرکت کی رضامندی سے متعلق حلف نامہ جمع کرانا ہوگا۔
درخواست کون دے سکتا ہے؟
دلہن خود بھی درخواست جمع کرا سکتی ہے، جبکہ والدین یا قانونی سرپرست کو بھی اس کی طرف سے درخواست دینے کی اجازت ہوگی۔
آن لائن رجسٹریشن کا طریقہ
پروگرام میں شامل ہونے کے خواہش مند خاندان پنجاب دھی رانی پروگرام کے سرکاری آن لائن پورٹل کے ذریعے رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔
درخواست دینے کیلیے درج ذیل مراحل مکمل کرنا ہونگے:
1. سرکاری پورٹل پر اپنا اکاؤنٹ بنائیں۔
2. نام، شناختی کارڈ نمبر، ضلع اور موبائل نمبر درج کریں۔
3. اکاؤنٹ میں لاگ انہو کر درخواست فارم مکمل کریں۔
4. مطلوبہ دستاویزات پورٹل پر اپ لوڈ کریں۔
5. درخواست جمع کرانے کے بعد متعلقہ محکمے کی جانچ پڑتال کا انتظار کریں۔
2 لاکھ روپے کب اور کیسے ملیں گے؟
محکمہ متعلقہ درخواستوں کی جانچ اور اہلیت کی تصدیق کے بعد مستحق امیدواروں کا انتخاب کرے گا۔ اگر درخواستیں مقررہ تعداد سے زیادہ ہوئیں تو انتخاب کے لیے الیکٹرانک قرعہ اندازی بھی کی جا سکتی ہے۔
منتخب خاندانوں کو اجتماعی شادی کی تقریب کی تاریخ اور دیگر تفصیلات ایس ایم ایس کے ذریعے فراہم کی جائیں گی۔ تقریب کے موقع پر دلہن کو 2 لاکھ روپے کی سلامی اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے دی جائے گی۔
حکام کے مطابق یہ سہولت صرف حکومت کے زیر اہتمام اجتماعی شادیوں میں شریک ہونے والے مستحق جوڑوں کے لیے ہے۔ نجی طور پر شادی کرنے والوں کو اس پروگرام کے تحت عمومی طور پر نقد مالی امداد نہیں دی جائے گی۔









