
وزن کم کرنے اور جسم کو صحت مند رکھنے کے لیے روزانہ چہل قدمی ایک آسان اور مؤثر طریقہ ہے، تاہم اکثر افراد یہ جاننا چاہتے ہیں کہ گھر کے اندر واک کرنا زیادہ فائدہ مند ہے یا کھلی فضا میں چلنے سے بہتر نتائج حاصل ہوتے ہیں۔
صحت کے ماہرین کیطابق، دونوں طریقے وزن کم کرنےمیں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔ لیکن اصل اہمیت واک کے دورانیے، رفتار،اور جسمانی محنت وباقاعدگی کی ہے۔ ٹریڈمل پر چلنے والے اپنی رفتار اور ڈھلوان میں تبدیلی کرکے اپنی ورزش کی شدت بڑھا سکتے ہیں، جبکہ باہر پارک یا کھلی جگہ پر چلنے سے قدرتی ماحول اور تازہ ہوا سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملتا ہے۔
گھر میں واک ان افراد کے لیے موزوں ہے جنہیں وقت کی کمی، خراب موسم، شدید گرمی یا آلودگی کے باعث باہر نکلنے میں دشواری ہوتی ہے۔ دوسری جانب، باہر مختلف سطحوں اور چڑھائی والے راستوں پر چلنے سے جسمانی توازن اور ٹانگوں کے پٹھوں کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔
بالغ افراد کے لیے ہفتے میں کم از کم 150 منٹ درمیانی شدت کی جسمانی سرگرمی ایک مفید ہدف ہے۔ ابتدا میں روزانہ 10 سے 15 منٹ چل کر دورانیہ بتدریج بڑھایا جاسکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق، وزن گھٹانے کے لیے چہل قدمی کے ساتھ متوازن غذا اور کیلوریز کے مناسب استعمال پر توجہ دینا بھی ضروری ہے۔ مستقل مزاجی ہی بہتر نتائج کی بنیاد ہے۔









