کوکین کوئین انمول عرف پنکی کی سیکیورٹی غیر معمولی حد تک سخت

0
5
کوکین کوئین انمول عرف پنکی کی سیکیورٹی غیر معمولی حد تک سخت

کراچی میں منشیات کے مقدمے میں گرفتار مبینہ “کوکین کوئین” انمول عرف پنکی کی سیکیورٹی سخت ترین سطح پر پہنچا دی گئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزمہ کو ممکنہ خطرات کے پیشِ نظر بغدادی پولیس اسٹیشن کو حساس قرار دیتے ہوئے خصوصی حفاظتی اقدامات نافذ کیے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمہ کی حفاظت کے لیے جامع سیکیورٹی پلان تیار کیا گیا ہے، جس کے تحت تھانے اور اطراف میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔ سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی سینئر افسران کے سپرد ہے جبکہ متعدد ایس ایچ اوز، ایس ڈی پی اوز اور درجنوں اہلکار ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق لاک اپ کے اطراف موجود عمارتوں اور چھتوں پر اسنائپرز بھی تعینات کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جاسکے۔ اس کے ساتھ ساتھ فوری رسپانس ٹیموں کو بھی الرٹ رکھا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیس اسٹیشن جانے والے تمام راستوں پر نگرانی سخت کردی گئی ہے اور صرف متعلقہ افراد کو ملزمہ تک رسائی کی اجازت ہوگی۔ سیکیورٹی ڈیوٹی کے لیے مرد و خواتین اہلکاروں پر مشتمل ٹیمیں دو شفٹوں میں خدمات انجام دیں گی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ کو فراہم کیے جانے والے کھانے اور دیگر اشیا کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے گی، جبکہ عدالت میں پیشی کے دوران منتقلی کے لیے خصوصی اسکواڈ بھی تشکیل دیدیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق عدالت منتقلی کے آپریشن کی نگرانی ایس پی لیاری کریں گے جبکہ مختلف تھانوں کے ایس ایچ اوز کو گراؤنڈ کمانڈ سونپی گئی ہے۔

Leave a reply