
پاکستانی اداکارہ اور ٹی وی میزبان کرن خان نے کاروباری شخصیت اشتیاق بیگ سے نکاح کرلیا۔ دونوں نے یہ نیا سفر مکہ مکرمہ میں عمرہ ادائیگی کے موقع پر شروع کیا۔
کرن خان نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعے اپنی شادی کی خوشخبری مداحوں کے ساتھ شیئر کی۔ نکاح کی تصاویر بھی سامنے آئی ہیں، جن میں جوڑے کو مکہ مکرمہ میں دیکھا جاسکتا ہے۔
اشتیاق بیگ اس سے قبل معروف پاکستانی گلوکارہ نازیہ حسن کے شوہر رہ چکے ہیں۔ ان کی ازدواجی زندگی بعد ازاں اختلافات کے باعث اختتام پذیر ہوئی تھی۔ نازیہ حسن کے انتقال کے بعد بھی دونوں کی سابقہ ازدواجی زندگی سے متعلق مختلف دعوے اور بیانات سامنے آتے رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کرن خان کی بھی اس سے قبل شادی ہوچکی ہے جو بعد میں طلاق پر ختم ہوئی۔ ان کی پہلی شادی سے ایک بیٹا بھی ہے۔
کرن خان شوبز انڈسٹری میں طویل عرصے سے فعال ہیں اور مختلف مارننگ اور کوکنگ شوز کی میزبانی کرچکی ہیں۔ شادی کی خبر سامنے آنے کے بعد شوبز سے وابستہ شخصیات اور مداحوں کی جانب سے انہیں مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا جارہا ہے۔
اداکارہ کی شادی پر ندا یاسر، سعدیہ امام اور اظفر سمیت متعدد فنکاروں نے بھی انہیں مبارکباد دی۔
سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے اشتیاق بیگ کی سابقہ ازدواجی زندگی اور نازیہ حسن سے متعلق ماضی کے معاملات کا حوالہ بھی دیا، تاہم یہ پرانے اور متنازع دعوے ہیں۔









