
کراچی کے مصروف تجارتی علاقے ایم اے جناح روڈ پر مکی مسجد کے قریب واقع فرنیچر مارکیٹ کی ایک عمارت میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ عمارت کے میزنائن فلور پر نصب بجلی کے میٹروں میں لگی، جس نے چند ہی لمحوں میں شدت اختیار کرتے ہوئے بیسمنٹ تک پھیل گئی۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ عمارت میں بڑی مقدار میں فرنیچر اور دیگر سامان موجود ہونے کے باعث آگ بجھانے میں مشکلات پیش آئیں۔ آگ پر قابو پانے کے لیے سات فائر ٹینڈرز اور دو واٹر باؤذرز نے حصہ لیا۔
امدادی ٹیموں نے فوری طور پر عمارت کو خالی کرا لیا جبکہ حکام کے مطابق واقعے کے وقت عمارت میں کوئی شخص موجود نہیں تھا، جس کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
حفاظتی اقدامات کے تحت علاقے کی بجلی عارضی طور پر معطل کر دی گئی جبکہ پولیس اور رینجرز نے اطراف کی سڑکیں ٹریفک کے لیے بند کر دیں تاکہ امدادی سرگرمیوں میں آسانی رہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ لگنے کی ممکنہ وجہ شارٹ سرکٹ ہو سکتی ہے، تاہم حتمی وجہ کا تعین مکمل تحقیقات کے بعد کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق کولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ہی نقصانات کا درست اندازہ لگایا جا سکے گا۔









