کراچی میں آٹے کی نئی سرکاری قیمتیں جاری، بعض اقسام مہنگی بعض سستی

0
8
کراچی میں آٹے کی نئی سرکاری قیمتیں جاری، بعض اقسام مہنگی بعض سستی

کراچی: شہر میں مہنگائی کے ستائے شہریوں کے لیے آٹے کی قیمتوں سے متعلق نئی پیش رفت سامنے آگئی، جہاں کمشنر کراچی نے تین ماہ بعد آٹے کی نئی سرکاری قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق مختلف اقسام کے آٹے کی قیمتوں میں ردوبدل کیا گیا ہے، جس کے تحت بعض اقسام مہنگی جبکہ بعض سستی کردی گئی ہیں۔ نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق ڈھائی نمبر ریگولر آٹے کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے۔ ہول سیل سطح پر اس کی قیمت 105 روپے سے بڑھا کر 110 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، جبکہ ریٹیل قیمت 107 روپے سے بڑھ کر 113 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔

دوسری جانب فائن آٹے کی قیمت میں کمی کی گئی ہے۔ فائن آٹے کی ہول سیل قیمت 129 روپے سے کم ہو کر 118 روپے فی کلو جبکہ ریٹیل قیمت 132 روپے سے کم ہو کر 121 روپے فی کلو مقرر کردی گئی ہے۔

اسی طرح چکی کے آٹے کی قیمت میں بھی اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 145 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، جبکہ اس سے قبل چکی کا آٹا 140 روپے فی کلو فروخت ہورہا تھا۔

کمشنر کراچی کے مطابق نئی قیمتوں کا تعین مارکیٹ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے اور اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

Leave a reply