کراچی منشیات کیس: ملزمہ انمول عرف پنکی کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

0
9
کراچی منشیات کیس: ملزمہ انمول عرف پنکی کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

کراچی میں منشیات اور اسلحہ اسمگلنگ کیس میں نامزد ملزمہ انمول عرف پنکی کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ عدالت نے پولیس کی درخواست پر ملزمہ کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ہے۔

حکام کے مطابق وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کی ہدایت کے بعد پولیس نے اپنی قانونی حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے دوبارہ عدالت سے رجوع کیا، جس کے بعد ریمانڈ حاصل کیا گیا۔

ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق ملزمہ سے منشیات فروشی، غیر قانونی اسلحے اور ایک قتل کے مقدمے سے متعلق بھی تفتیش کی جائے گی۔ یہ قتل کا مقدمہ 7 مئی کو بغدادی کے علاقے میں ایک نامعلوم شخص کی لاش ملنے کے بعد درج کیا گیا تھا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمہ سے اس کیس میں بھی پوچھ گچھ کی جائے گی تاکہ واقعے کے محرکات اور ممکنہ روابط کا تعین کیا جا سکے۔

مزید انکشاف ہوا ہے کہ ملزمہ کے خلاف ماضی میں بھی کارروائی ہو چکی ہے۔ سال 2022 میں لاہور کے علاقے کوٹ لکھپت میں منشیات کے خلاف چھاپے کے دوران اس کا بھائی ریاض بلوچ گرفتار ہوا تھا، جبکہ ملزمہ مبینہ طور پر موقع سے فرار ہو گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق ملزمہ لاہور میں کرائے کے مکان میں منشیات تیار کرنے میں ملوث رہی ہے، جبکہ اس کا نیٹ ورک کراچی میں سرگرم بتایا جاتا ہے۔

کیس کی شفاف تحقیقات کے لیے تفتیشی افسر بھی تبدیل کر دیا گیا ہے اور اب ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ کو انکوائری سونپی گئی ہے، جنہیں تین دن میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

وزیر داخلہ سندھ نے کہا ہے کہ حکومت جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی پر یقین رکھتی ہے اور قانون سے بالاتر کوئی نہیں۔ ان کے مطابق شواہد کی بنیاد پر تفتیش جاری رہے گی تاکہ کیس کو شفاف انداز میں مکمل کیا جا سکے۔

Leave a reply