
پشاور کی سیشن کورٹ نے 10 مئی 2023 کے احتجاج کے دوران درج ہونے والے کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عرفان سلیم سمیت 74 افراد کو بری کر دیا ہے۔
ایڈیشنل سیشن جج فراز احمد نے کیس کی سماعت کی اور اپنے تحریری فیصلے میں قرار دیا کہ ملزمان کو مقدمے میں براہ راست نامزد نہیں کیا گیا تھا بلکہ بعد ازاں تفتیش کے دوران ان کے نام شامل کیے گئے۔ عدالت کے مطابق کسی بھی ملزم کی باقاعدہ شناختی پریڈ بھی نہیں کرائی گئی۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ استغاثہ کا مقدمہ ٹھوس شواہد کے بجائے محض زبانی اور غیر مصدقہ الزامات پر مبنی تھا۔ عدالت نے یہ بھی نوٹ کیا کہ کیس میں کوئی عینی شاہد موجود نہیں جبکہ متاثرہ فریقین کے ورثا بھی مزید کارروائی جاری رکھنے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔
عدالت نے قرار دیا کہ ایسے حالات میں مقدمے کا ٹرائل جاری رکھنا وقت کا ضیاع ہوگا، اس لیے تمام ملزمان کو بری کیا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ 10 مئی کو پشاور کے علاقے فقیر آباد میں احتجاج کے دوران پرتشدد واقعات اور فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوئے تھے، جس کے بعد تھانہ فقیر آباد میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔









