خواتین کو وراثت سے محروم نہیں کیا جا سکتا، وفاقی آئینی عدالت کا اہم فیصلہ

0
32
خواتین کو وراثت سے محروم نہیں کیا جا سکتا، وفاقی آئینی عدالت کا اہم فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی آئینی عدالت نے وراثتی جائیداد کی تقسیم سے متعلق ایک اہم مقدمے میں قرار دیا ہے کہ سرکاری ریونیو ریکارڈ یا انتقالِ وراثت کی کارروائی کسی بھی قانونی وارث کو اس کے شرعی حصے سے محروم کرنے کا جواز نہیں بن سکتی۔

چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں عدالت نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے اس کے خلاف دائر اپیلیں مسترد کر دیں۔

عدالت کے 11 صفحات پر مشتمل فیصلے میں اسلامی قانونِ وراثت کے اصولوں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا گیا کہ جائیداد کی تقسیم خاندانی تعلق یا قرابت داری کی بنیاد پر نہیں بلکہ شرعی طور پر مقرر کردہ حصوں اور قانونی اصولوں کے مطابق کی جائے گی۔

فیصلے میں واضح کیا گیا کہ اگر کسی شخص کی وفات کے بعد اس کا کوئی براہِ راست مرد وارث موجود نہ ہو تو اس صورت میں بھی کوئی قریبی رشتہ دار خودکار طور پر پوری جائیداد کا مالک نہیں بن سکتا۔

عدالت کے مطابق پہلے بیوہ اور بہنوں سمیت دیگر مقررہ شرعی حصے داروں کو ان کے حصے دیے جائیں گے، جس کے بعد باقی ماندہ جائیداد پر قانونی عصبہ کا حق ہوگا۔

فیصلے میں مزید کہا گیا کہ اگر قانونی عصبہ موجود ہو تو باقی ماندہ جائیداد کی تقسیم کے لیے رد کا اصول استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ موجودہ مقدمے میں عدالت نے باقی جائیداد متوفی کے چچا زاد بھائی کو دینے کا حق تسلیم کیا۔

یہ تنازع شہری محمد اصغر کی وفات کے بعد ان کی جائیداد کی وراثت سے متعلق تھا، جہاں ان کے چچا زاد بھائی نے اپنے قانونی وراثتی حق کا دعویٰ دائر کیا تھا۔

وفاقی آئینی عدالت نے قرار دیا کہ سرکاری دستاویزات اور ریونیو ریکارڈ میں درج نام کسی شخص کے شرعی وراثتی حق کو ختم یا تبدیل نہیں کر سکتے۔

عدالت کے اس فیصلے میں وراثتی جائیداد کی تقسیم کے دوران شرعی حصوں اور قانونی حقوق کو بنیادی اہمیت دینے کی وضاحت کی گئی ہے۔

Leave a reply