کالا ہرن فلم تنازع: سلمان خان کی ٹیم کا پروڈیوسرز کو قانونی نوٹس، ریلیز روکنے کا مطالبہ

0
9
کالا ہرن فلم تنازع: سلمان خان کی ٹیم کا پروڈیوسرز کو قانونی نوٹس، ریلیز روکنے کا مطالبہ

ممبئی: بالی ووڈ کے میگا اسٹار سلمان خان کی قانونی ٹیم نے نئی آنے والی فلم ”کالا ہرن: دی بیٹل فار لیگیسی“ (Kala Haran: The Battle for Legacy) کے میکرز کو ایک آفیشل قانونی نوٹس بھیج دیا ہے۔ نوٹس میں فلم کی ریلیز اور تشہیر کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، یہ فلم مبینہ طور پر کالے ہرن کے اس ہائی پروفائل کیس کے گرد گھومتی ہے جس کا سامنا سلمان خان طویل عرصے سے بھارتی عدالتوں میں کر رہے ہیں۔ اداکار کے وکلاء نے مطالبہ کیا ہے کہ فلم سے وابستہ تمام پوسٹرز، ٹیزرز اور اشتہاری مواد کو فوری طور پر ہٹایا جائے، بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
پروڈیوسر امیت جانی کا شدید ردعمل
دوسری جانب فلم کے پروڈیوسر امیت جانی نے اس نوٹس پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اسے آزادیِ اظہارِ رائے کو دبانے کی کوشش قرار دیا ہے۔ ان کا الزام ہے کہ سلمان خان اپنے اثر و رسوخ اور طاقت کا استعمال کرتے ہوئے فلم کی ٹیم کو دباؤ میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ وہ اس پروجیکٹ سے پیچھے ہٹ جائیں۔
یاد رہے کہ پروڈیوسر امیت جانی اس سے قبل بھی حقیقی زندگی کے سنسنی خیز اور متنازع موضوعات پر فلمیں بنانے کے حوالے سے جانے جاتے ہیں۔
فلم کا پس منظر اور موجودہ صورتحال
اگرچہ فلم کے ڈائریکٹر بھارت سنگھ اور پروڈیوسر نے باضابطہ طور پر یہ اعتراف نہیں کیا کہ یہ فلم سو فیصد سلمان خان کی زندگی پر مبنی ہے، لیکن فلم کا ٹائٹل اور کہانی کا پس منظر واضح طور پر اسی عدالتی کیس کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔ میکرز کا دعویٰ ہے کہ یہ ایک ایکشن اور انٹرنیشنل معیار کی مووی ہے جو حقیقی قانونی لڑائیوں سے متاثر ہو کر بنائی گئی ہے۔
اس تمام تر قانونی تنازع کے باوجود میکرز نے حال ہی میں فلم کا پہلا پوسٹر ریلیز کر دیا ہے اور اعلان کیا ہے کہ فلم کا باقاعدہ ٹیزر 20 جون کو سامنے لایا جائے گا۔ فی الحال سلمان خان یا ان کی ٹیم کی طرف سے پروڈیوسر کے الزامات پر کوئی نیا مؤقف سامنے نہیں آیا۔

Leave a reply