پی ٹی آئی کا آزاد کشمیر انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان، ٹکٹوں کی سفارشات معطل

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آزاد جموں و کشمیر کے آئندہ عام انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ پارٹی نے ساتھ ہی پارلیمانی بورڈ کی جانب سے امیدواروں کو ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق تمام سفارشات بھی فوری طور پر معطل کر دی ہیں۔
پارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ سیاسی حالات کے باعث انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق پارٹی کا مؤقف ہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں سیاسی اور عوامی صورتحال انتخابی عمل کے لیے سازگار نہیں، اس لیے حالات بہتر ہونے تک انتخابی سرگرمیاں روک دی گئی ہیں۔
پی ٹی آئی کے مطابق راولاکوٹ سمیت مختلف علاقوں میں عوامی احتجاج جاری ہے اور موجودہ صورتحال میں انتخابی عمل اپنی شفافیت اور اہمیت برقرار نہیں رکھ سکتا۔ پارٹی نے مطالبہ کیا کہ عوامی مسائل مذاکرات اور افہام و تفہیم کے ذریعے حل کیے جائیں، انتخابی ماحول کو غیر جانبدار اور پُرامن بنایا جائے اور تمام سیاسی جماعتوں کو مساوی مواقع فراہم کیے جائیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ موجودہ حالات میں امیدواروں کو ٹکٹ جاری کرنے یا انتخابی عمل سے متعلق کسی بھی مرحلے پر مزید پیش رفت نہیں کی جائے گی۔ اس حوالے سے تمام فیصلے آئندہ سیاسی صورتحال کے مطابق کیے جائیں گے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے چیئرمین نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں تصدیق کی کہ پارٹی نے 27 جولائی کو ہونیوالے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کے مطابق یہ فیصلہ آزاد کشمیر کی پارٹی قیادت اور اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد کیا گیا۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ جمہوری انتخابات اسی صورت میں مؤثر ہوتے ہیں جب ووٹر آزادانہ، منصفانہ اور شفاف ماحول میں اپنے نمائندوں کا انتخاب کر سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق سفارشات پر عمل درآمد اور اس سلسلے میں دائر اپیلوں پر کارروائی بھی فی الحال روک دی گئی ہے۔
انہوں نے پارٹی کارکنوں اور رہنماؤں سے فیصلے کی حمایت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اپنے تمام اہم فیصلے باہمی مشاورت کے ذریعے کرتی ہے۔








