پاکستان میں انٹرنیٹ سروس متاثر، پی ٹی اے نے وجہ بتا دی

0
10
پاکستان میں انٹرنیٹ سروس متاثر، پی ٹی اے نے وجہ بتا دی

پاکستان کے مختلف شہروں سے انٹرنیٹ سروس کی رفتار سست ہونے اور کنیکٹیویٹی میں مسائل کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس کے باعث صارفین کو ویب براؤزنگ، سوشل میڈیا اور دیگر آن لائن خدمات کے استعمال میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے مطابق بین الاقوامی زیرِ سمندر SMW-5 کیبل میں فنی خرابی کے باعث ملک میں انٹرنیٹ ٹریفک متاثر ہوئی ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ اس خرابی کی وجہ سے بعض صارفین کو وقفے وقفے سے سروس میں تعطل یا رفتار میں کمی محسوس ہو سکتی ہے۔

پی ٹی اے نے بتایا کہ متعلقہ آپریٹر اور ایس ایم ڈبلیو 5 کنسورشیم خرابی کی نوعیت اور بحالی کے وقت کا تعین کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ اس دوران صارفین پر اثرات کم رکھنے کے لیے انٹرنیٹ ٹریفک کو متبادل بین الاقوامی راستوں پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

ادارے کے مطابق صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور متعلقہ اداروں کے تعاون سے انٹرنیٹ سروس کو جلد از جلد معمول پر لانے کی کوششیں جاری ہیں۔

دوسری جانب پی ٹی اے نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ ڈیوائس آئیڈینٹیفکیشن، رجسٹریشن اینڈ بلاکنگ سسٹم (DIRBS) کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ اس عمل کے دوران 3 جولائی شام 5 بجے سے 6 جولائی صبح 4 بجے تک ڈی آئی آر بی ایس پورٹل اور اس سے منسلک خدمات عارضی طور پر دستیاب نہیں ہوں گی۔

پی ٹی اے کے مطابق اپ گریڈ مکمل ہونے کے بعد نیا مقامی نظام صارفین اور کاروباری اداروں کے لیے موبائل ڈیوائس رجسٹریشن کے عمل کو مزید آسان، تیز اور مؤثر بنانے میں مدد دے گا۔

Leave a reply