
بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار اور آندھرا پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ پون کلیان اور ان کی اہلیہ اینا کونیڈیلا نے شادی کے 13 سال بعد علیحدگی کا اعلان کر دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری مشترکہ بیان میں ازدواجی تعلق ختم کرنے کے فیصلے کی تصدیق کی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ باہمی رضامندی اور ایک دوسرے کے احترام کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے کیا گیا۔
مشترکہ بیان کے مطابق علیحدگی کے باوجود دونوں ایک دوسرے کے ساتھ دوستانہ تعلقات برقرار رکھیں گے اور اپنے بچوں کی پرورش مشترکہ طور پر جاری رکھیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ بچوں کی خوشی، تعلیم اور بہتر مستقبل ان کی اولین ترجیح رہے گا۔
پون کلیان اور اینا کونیڈیلا نے مداحوں اور خیر خواہوں سے درخواست کی ہے کہ وہ اس ذاتی معاملے میں ان کی نجی زندگی کا احترام کریں۔ دونوں نے مشکل وقت میں محبت اور حمایت کا اظہار کرنے والوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
واضح رہے کہ پون کلیان نے 1997 میں نندنی سے پہلی شادی کی تھی، تاہم یہ رشتہ 1999 میں ختم ہوگیا۔ بعد ازاں انہوں نے 2009 میں اداکارہ رینو ڈیسائی سے شادی کی، جن سے ان کے دو بچے ہیں۔ یہ شادی بھی 2012 میں طلاق پر ختم ہوگئی تھی۔
اداکار نے 2013 میں روسی نژاد اینا کونیڈیلا سے تیسری شادی کی تھی، جن سے ان کے دو بچے ہیں۔
پون کلیان نے 1996 میں فلمی کیریئر کا آغاز کیا اور تیلگو سنیما میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ بعد ازاں انہوں نے سیاست میں حصہ لیا اور اپنی جماعت جنا سینا پارٹی کے ذریعے سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کیا۔ 2024 کے انتخابات میں کامیابی کے بعد وہ آندھرا پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ مقرر ہوئے۔









