81 سالہ برطانوی مصنف ایم جان ہیریسن نے 2026 کا بکر پرائز جیت لیا

0
35
81 سالہ برطانوی مصنف ایم جان ہیریسن نے 2026 کا بکر پرائز جیت لیا

لندن: برطانوی ناول نگار ایم جان ہیریسن نے اپنے سائنس فکشن ناول ’’دی اینڈ آف ایوریتھنگ‘‘ کے ذریعے 2026 کا بکر پرائز اپنے نام کرلیا۔ 81 سالہ ادیب یہ اعزاز حاصل کرنے والے اب تک کے معمر ترین مصنف بن گئے ہیں۔ انہیں انعام کے طور پر 50 ہزار پاؤنڈ بھی دیے گئے۔

لندن میں منعقدہ تقریب میں گزشتہ سال کے بکر پرائز فاتح ڈیوڈ سزالے نے ہیریسن کو ایوارڈ پیش کیا۔ یہ مصنف کی پہلی بکر نامزدگی تھی، جبکہ ان کی کامیابی کو سائنس فکشن ادب کے لیے بھی ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

’’دی اینڈ آف ایوریتھنگ‘‘ ایک ڈسٹوپین ناول ہے جس کی کہانی انگلینڈ کے علاقے کینٹ کے ساحلی مقام پر مبنی ہے۔ ناول میں ایک شخص اور اس کی عمر رسیدہ خالہ پراسرار تباہی کے بعد بقا کی جنگ لڑتے دکھائی دیتے ہیں۔ ان کے مسائل اس وقت بڑھ جاتے ہیں جب وہاں شکلیں تبدیل کرنے والی عجیب مخلوقات نمودار ہونے لگتی ہیں۔

198 صفحات پر مشتمل یہ کتاب بکر پرائز کی رواں سال کی مختصر فہرست میں شامل چھ ناولوں میں سب سے مختصر تھی۔

تاریخ دان میری بیئرڈ کی سربراہی میں قائم جیوری نے 163 کتابوں کا جائزہ لینے کے بعد متفقہ طور پر ہیریسن کے ناول کو بہترین قرار دیا۔ جیوری کے مطابق کتاب میں موجود سیاسی طنز، سیاہ مزاح اور مستقبل کے حالات کے ذریعے موجودہ دور کے سیاسی مسائل کو مؤثر انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

ایم جان ہیریسن کا ادبی کیریئر تقریباً چھ دہائیوں پر محیط ہے۔ اس اعزاز کے ساتھ انہوں نے کینیڈین مصنفہ مارگریٹ ایٹ وڈ کا عمر سے متعلق ریکارڈ بھی پیچھے چھوڑ دیا، جنہوں نے 2019 میں 79 برس کی عمر میں مشترکہ طور پر بکر پرائز حاصل کیا تھا۔

2026 کی مختصر فہرست میں سابقہ فاتحین مارلن جیمز اور ڈگلس اسٹورٹ سمیت الزبتھ اسٹراٹ، لیوک کینارڈ اور ربیکا پیری بھی شامل تھے۔

اس کامیابی سے ناول کے ناشر ادارے ’’سرپنٹز ٹیل‘‘ نے بھی تاریخ رقم کی ہے، کیونکہ ادارے نے پہلی مرتبہ بکر پرائز جیتنے والی کتاب شائع کی ہے۔

یاد رہے کہ بکر پرائز کا آغاز 1969 میں ہوا تھا۔ یہ ایوارڈ برطانیہ یا آئرلینڈ میں شائع ہونے والے انگریزی زبان کے بہترین فکشن ناول کو دیا جاتا ہے۔

Leave a reply