
ہوسور: بھارت کی ریاست تامل ناڈو میں ایپل کے آئی فونز کے لیے پرزے تیار کرنے والی ٹاٹا الیکٹرانکس کی فیکٹری میں زہریلی گیس کے اخراج سے تین مزدور جان کی بازی ہار گئے۔
بھارتی میڈیا اور خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق حادثہ تامل ناڈو کے شہر ہوسور میں واقع فیکٹری کے صنعتی فضلے کی صفائی کے پلانٹ میں پیش آیا، جہاں تینوں مزدور کنٹریکٹ پر کام کر رہے تھے۔
حکام کے مطابق مزدور پلانٹ میں مرمت اور دیکھ بھال کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ اسی دوران وہ ایک ٹینک کے اندر معائنے کے لیے داخل ہوئے، جہاں موجود زہریلی گیس ان کی موت کا سبب بن گئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق صنعتی فضلے کو صاف کرنے والا پلانٹ ایک نجی ادارے کے زیر انتظام تھا۔ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے ایپل، ٹاٹا الیکٹرانکس اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے تحقیقات کیے جانے کا امکان ہے۔
ریاستی وزیر صنعت نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزدوروں کی ہلاکت کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔
فیکٹری میں حفاظتی انتظامات پر سوالات
یہ واقعہ ٹاٹا الیکٹرانکس کے صنعتی یونٹس میں پیش آنے والا پہلا حادثہ نہیں۔ اس سے قبل ستمبر 2024 میں کمپنی کے ایک پیداواری یونٹ میں آگ لگنے سے آئی فون کے پرزوں کی تیاری متاثر ہوئی تھی۔
اسی طرح فیکٹری کے حوالے سے زیر زمین پانی کی آلودگی کے خدشات بھی سامنے آ چکے ہیں، جس پر حکام نے پیداواری سرگرمیاں بند کرنے کی تنبیہ کی تھی۔
آئی فون کی عالمی پیداوار میں بھارت کا بڑھتا کردار
ایپل گزشتہ چند برسوں سے چین پر پیداواری انحصار کم کرنے کے لیے بھارت میں اپنی سرگرمیوں کو وسعت دے رہا ہے۔ اس حکمت عملی کے تحت بھارت آئی فونز کی تیاری کے اہم مراکز میں شامل ہو چکا ہے۔
بھارت میں آئی فونز کی تیاری اور اسمبلنگ میں ٹاٹا گروپ اور تائیوان کی کمپنی فاکس کون نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔
تازہ حادثے نے ایک مرتبہ پھر بڑے صنعتی اداروں میں کارکنوں کی حفاظت، صنعتی فضلے کی تلفی اور حفاظتی ضوابط پر عمل درآمد کے حوالے سے اہم سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔









