
لاہور: پنجاب حکومت نے گرمیوں کے موسم اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے پیش نظر صوبے بھر میں کاروباری مراکز کے لیے نئے اوقاتِ کار مقرر کر دیے ہیں، جن کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق دکانیں، بازار، شاپنگ مالز، ڈپارٹمنٹل اسٹورز اور کریانہ شاپس رات 9 بجے تک بند کرنا ہوں گی، جبکہ شادی ہالز، مارکیز اور دیگر تقریباتی مقامات رات 10 بجے تک کھلے رہ سکیں گے۔
اسی طرح ریسٹورنٹس، سینما گھروں، فوڈ آؤٹ لیٹس، پھل اور سبزیوں کی دکانوں کو رات 11 بجے تک کاروبار کی اجازت ہوگی۔ تاہم ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری سروسز ان پابندیوں سے مستثنیٰ رہیں گی۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ میڈیکل اسٹورز، اسپتال، لیبارٹریاں اور کلینکس پر نئے اوقاتِ کار لاگو نہیں ہوں گے۔ اس کے علاوہ بیکریاں، تندور، دودھ اور ڈیری شاپس، پیٹرول پمپ، سی این جی اسٹیشنز اور الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ مراکز بھی اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیے گئے ہیں۔
مزید برآں جم، کھیلوں کی سہولیات، آئی ٹی کمپنیوں اور کال سینٹرز کو بھی نئے اوقاتِ کار سے استثنا حاصل ہوگا۔ متعلقہ انتظامی حکام کو ان ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب بلوچستان حکومت نے بھی وفاقی ہدایات کی روشنی میں صوبے بھر کے کاروباری اور تجارتی مراکز کے لیے نئے اوقاتِ کار مقرر کر دیے ہیں۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق دکانیں، مارکیٹس، شاپنگ مالز اور مختلف تجارتی مراکز رات 9 بجے بند ہوں گے، جبکہ شادی ہالز اور مارکیز رات 10 بجے تک کھلے رہ سکیں گے۔
ریسٹورنٹس، کیفے، پھل اور سبزیوں کی دکانوں کو رات 11 بجے تک کاروبار جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔ میڈیکل اسٹورز، اسپتالوں، لیبارٹریوں، سی این جی اسٹیشنز اور پیٹرول پمپوں کو ان اوقات سے استثنا حاصل ہوگا۔









