
اسلام آباد: پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کا آنکھوں کے علاج کے سلسلے میں فالو اپ طبی معائنہ کیا گیا، جہاں انہیں انٹرا وٹریئل انجیکشن کی چوتھی خوراک دی گئی۔
پمز ذرائع کے مطابق 74 سالہ عمران خان کو 28 اپریل کو معمول کے فالو اپ کے لیے اسپتال لایا گیا۔ ماہر امراض چشم نے ان کا تفصیلی معائنہ کیا جس کے بعد ڈاکٹروں نے ان کی حالت کو مستحکم اور تسلی بخش قرار دیا۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق علاج مکمل احتیاطی اقدامات کے تحت آپریشن تھیٹر میں کیا گیا اور انجیکشن کا عمل کامیابی سے مکمل ہوا۔ طبی رپورٹس میں مجموعی بہتری کے آثار بھی دیکھے گئے ہیں۔
معائنے اور علاج کے بعد عمران خان کو ضروری طبی ہدایات کے ساتھ واپس منتقل کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق انہیں سخت سیکیورٹی میں رات کے وقت اڈیالہ جیل سے پمز لایا گیا، جہاں تقریباً دو گھنٹے تک ان کا طبی معائنہ اور علاج جاری رہا، جس کے بعد انہیں واپس جیل منتقل کر دیا گیا۔
اس سے قبل بھی انہیں اسی آنکھ کے علاج کے سلسلے میں جنوری کے بعد تین بار پمز لایا جا چکا ہے، جہاں وقفے وقفے سے اینٹی وی ای جی ایف انجیکشن دیے گئے تھے۔
واضح رہے کہ عمران خان کو آنکھ کا مرض گزشتہ سال کے آغاز میں تشخیص ہوا تھا، جس کے بعد ان کا باقاعدہ علاج جاری ہے۔









