ایک دعوت، ایک تربوز اور چار جانیں—ممبئی میں دل دہلا دینے والا واقعہ

0
20
ایک دعوت، ایک تربوز اور چار جانیں—ممبئی میں دل دہلا دینے والا واقعہ

بھارتی شہر ممبئی کے علاقے بھنڈی بازار میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک ہی خاندان کے چار افراد چند گھنٹوں کے اندر انتقال کر گئے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق واقعہ فوڈ پوائزننگ سے متعلق ہو سکتا ہے، تاہم حتمی وجہ ابھی سامنے نہیں آئی۔
پولیس کے مطابق 40 سالہ تاجر ہفتے کی شب اپنے اہل خانہ اور قریبی رشتہ داروں کے ساتھ ایک کھانے کی تقریب میں شریک تھے، جہاں بریانی اور پلاؤ پیش کیا گیا۔ رات گئے تک تمام افراد کی حالت معمول کے مطابق رہی۔
بعد ازاں اہل خانہ اپنے گھروں کو واپس چلے گئے۔ اطلاعات کے مطابق گھر پہنچنے کے بعد رات کے وقت خاندان کے افراد نے تربوز کھایا، جس کے کچھ گھنٹوں بعد صبح کے قریب ان کی طبیعت اچانک بگڑ گئی۔ متاثرہ افراد کو قے، دست اور شدید کمزوری کی شکایت ہوئی، جس پر انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
ہسپتال میں علاج کے دوران 13 سالہ بیٹی سب سے پہلے دم توڑ گئی، جس کے بعد اس کی والدہ اور بڑی بہن بھی جانبر نہ ہو سکیں۔ کچھ دیر بعد گھر کے سربراہ بھی انتقال کر گئے۔
ڈاکٹروں کے مطابق متاثرہ افراد میں شدید پانی کی کمی اور جسمانی کمزوری پائی گئی۔ طبی ماہرین اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ آیا یہ واقعہ صرف فوڈ پوائزننگ کا نتیجہ تھا یا اس میں کسی زہریلے مادے کا بھی عمل دخل ہو سکتا ہے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے کھانے اور تربوز کے نمونے حاصل کر کے لیبارٹری بھیج دیے ہیں۔ اس کے علاوہ پوسٹ مارٹم رپورٹس کا انتظار کیا جا رہا ہے تاکہ اصل وجہ سامنے آ سکے۔
واقعے کے بعد علاقے میں افسوس کی فضا قائم ہے اور حکام مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری رکھے ہوئے ہیں۔

Leave a reply