پمز سانحہ: وزیراعظم کا غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم

0
7
پمز سانحہ: وزیراعظم کا غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پمز اسپتال میں پیش آنے والے افسوسناک آتشزدگی کے واقعے پر ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مجرمانہ غفلت ثابت ہونے کی صورت میں کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی۔

وزیراعظم نے کرغزستان سے واپسی کے بعد وزارتِ صحت اور پمز آتشزدگی سے متعلق ہنگامی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، سیکریٹری صحت کیپٹن (ر) محمد محمود اور پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد سلمان سمیت متعلقہ حکام شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم کو ملک میں صحت کے شعبے کی صورتحال کے ساتھ ساتھ پمز میں پیش آنے والے واقعے کی تحقیقات اور اب تک سامنے آنے والی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔

شہباز شریف نے وزیر صحت اور سیکریٹری صحت کو ہدایت کی کہ وہ باری باری پمز اسپتال کا دورہ کریں، اپنی موجودگی میں انتظامی امور کی نگرانی کریں اور علاج معالجے کی سہولیات، صفائی، سکیورٹی اور دیگر حفاظتی انتظامات میں بہتری یقینی بنائیں۔

وزیراعظم نے ہسپتال میں حفاظتی ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد اور مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی پر بھی زور دیا۔ انہوں نے وزارت صحت کو اصلاحات کا عمل مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔

یاد رہے کہ 26 اگست کو اسلام آباد کے پمز اسپتال کے مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ وارڈ کی نرسری میں آگ لگنے سے 14 نومولود بچے جاں بحق ہوگئے تھے، جبکہ ایک بچے کو بحفاظت نکال لیا گیا تھا۔

واقعے کے بعد آگ لگنے کی وجوہات اور ہسپتال میں موجود حفاظتی انتظامات پر سوالات اٹھائے گئے۔ ابتدائی معلومات میں مختلف تکنیکی وجوہات کا ذکر سامنے آیا، جبکہ پمز کی ابتدائی رپورٹ میں نیبولائزر سے متعلق واقعے اور نرسری میں آکسیجن کی زیادہ مقدار کے باعث آگ کے تیزی سے پھیلنے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

حکام کی جانب سے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، جن کی روشنی میں ذمہ داران کا تعین کیا جائے گا۔

Leave a reply