
اسلام آباد: (اسٹاف رپورٹر) پاکستان نے دفاعی ٹیکنالوجی کے شعبے میں پیش رفت کرتے ہوئے مقامی طور پر تیار کردہ فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل ’فاذ‘ کا کامیاب فلائٹ ٹیسٹ کر لیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کیمطابق جدید ٹیکنالوجی سے تیار کردہ میزائل طویل فاصلے پر موجود فضائی اہداف کو نشانہ بنانیکی صلاحیت رکھتا ہے۔ میزائل میں جدید ٹرمینل گائیڈنس سسٹم نصب کیا گیا ہے، جو اسے اہداف تک پہنچنے میں رہنمائی فراہم کرتا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس کامیاب تجربے سے پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیتوں میں اضافے اور ملکی دفاعی نظام کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ اس پیش رفت کو پاکستان کی مقامی دفاعی صنعت میں تحقیق، جدت اور تکنیکی خود انحصاری کی جانب اہم قدم قرار دیا گیا ہے۔
میزائل کے فلائٹ ٹیسٹ کے موقع پر مسلح افواج کے سینئر حکام، سائنسدانوں اور انجینئرز نے شرکت کی۔ ان ماہرین نے میزائل کی تیاری اور اس جدید دفاعی نظام کی تکمیل میں اہم کردار ادا کیا۔
اس کامیابی پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور مسلح افواج کے دیگر سربراہان نے متعلقہ سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی میزائل کے کامیاب تجربے کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی سائنسدانوں اور انجینئرز نے اپنی صلاحیتوں کا ایک بار پھر اظہار کیا ہے۔ ان کے مطابق مقامی سطح پر اس نوعیت کے دفاعی نظام کی تیاری قومی سطح پر قابل ذکر پیش رفت ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بھی اس کامیابی پر پاک فضائیہ، سائنسدانوں اور پوری قوم کو مبارکباد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ دفاعی شعبے میں مقامی ٹیکنالوجی کو فروغ دینا ملکی سلامتی اور خود انحصاری کے لیے اہمیت رکھتا ہے۔
واضح رہے کہ فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل جنگی طیاروں سے فائر کیے جاتے ہیں اور دشمن کے فضائی اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔









