تہران میں آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات، 100 سے زائد ممالک کے وفود کی شرکت متوقع

0
10
تہران میں آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات، 100 سے زائد ممالک کے وفود کی شرکت متوقع

تہران: ایران نے اعلان کیا ہے کہ سابق رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی آخری رسومات میں دنیا بھر کے تقریباً 100 ممالک سے اعلیٰ سطح کے سرکاری اور سیاسی وفود شرکت کریں گے۔ ایرانی حکام کے مطابق تعزیتی تقریبات اور جنازے کی مختلف رسومات کئی روز تک جاری رہیں گی، جن کے لیے وسیع سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بتایا کہ مختلف ممالک کے سربراہانِ مملکت، پارلیمانی رہنما، وزرائے خارجہ اور خصوصی نمائندے تہران پہنچیں گے تاکہ ایرانی قیادت اور عوام سے اظہارِ تعزیت کر سکیں۔

حکام کے مطابق 3 جولائی کی صبح تہران میں الوداعی تقریب کا آغاز ہوگا، جبکہ غیر ملکی وفود بھی اسی روز مختلف تعزیتی پروگراموں میں شریک ہوں گے۔ ایرانی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ تقریبات نہ صرف ایران بلکہ خطے اور مسلم دنیا کے لیے بھی اہم سمجھی جا رہی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق روس، چین، پاکستان، بھارت، ترکی، عراق، قطر، عمان، مصر، لبنان، آذربائیجان، افغانستان، بنگلہ دیش، ملائیشیا، سری لنکا، ازبکستان، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان، ترکمانستان، آرمینیا، جارجیا، کیوبا، سربیا، تیونس، کانگو، گھانا، نمیبیا، میانمار، تھائی لینڈ، گیمبیا اور نکاراگوا سمیت متعدد ممالک کے سرکاری نمائندوں کی شرکت متوقع ہے۔

ایرانی سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ غیر ملکی شخصیات کی آمد کے پیش نظر فوج، پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ زمینی، بحری اور فضائی افواج کے ساتھ فضائی دفاعی نظام کو بھی مکمل طور پر فعال رکھا گیا ہے، جبکہ سرحدی نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف بھی آج ایران روانہ ہوں گے تاکہ نماز جنازہ اور تعزیتی تقریبات میں شرکت کر سکیں۔ ان کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی کابینہ کے بعض ارکان بھی موجود ہوں گے۔ ایرانی دورے کے بعد وزیراعظم ترکیہ کا بھی دورہ کریں گے۔

سرکاری شیڈول کے مطابق 4 اور 5 جولائی کو تہران کے امام خمینی مصلیٰ میں الوداعی تقریبات جاری رہیں گی، جبکہ 6 جولائی کو مرکزی جنازہ جلوس نکالا جائے گا۔ بعد ازاں 7 جولائی کو قم اور 9 جولائی کو مشہد میں بھی تعزیتی اجتماعات اور جنازے کے جلوس منعقد ہوں گے، جہاں آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی تدفین روضۂ امام رضاؑ میں کی جائے گی۔

ایرانی حکام کے اندازوں کے مطابق آخری رسومات میں ملک اور بیرونِ ملک سے ڈیڑھ سے دو کروڑ افراد کی شرکت متوقع ہے، جس کے باعث ٹریفک، نقل و حمل اور سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات نافذ کیے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ ایرانی حکام کے مطابق آیت اللہ سید علی خامنہ ای گزشتہ ماہ ایران پر ہونے والے حملوں کے دوران جاں بحق ہوئے تھے۔ ان کے ساتھ متعدد اعلیٰ فوجی عہدیدار بھی ہلاک ہوئے، جن میں عبدالرحیم موسوی، علی شمخانی اور محمد پاکپور شامل تھے۔

Leave a reply