پاکستانی پاسپورٹ کی قسمت بدلنے لگی؟ عالمی رینکنگ میں بڑی پیش رفت

0
16
پاکستانی پاسپورٹ کی قسمت بدلنے لگی؟ عالمی رینکنگ میں بڑی پیش رفت

ہینلے پاسپورٹ انڈیکس 2026 کی تازہ رپورٹ کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی پوزیشن میں دو درجے بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔ پاکستان اب 103ویں کے بجائے 101ویں نمبر پر آ گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی شہری 29 ممالک اور خطوں میں پیشگی ویزا حاصل کیے بغیر سفر کر سکتے ہیں۔ ہینلے پاسپورٹ انڈیکس دنیا کے 199 پاسپورٹس اور 227 سفری مقامات کا جائزہ لیتا ہے اور پاسپورٹ کی مضبوطی کا تعین اس بنیاد پر کرتا ہے کہ شہری کتنے ممالک میں بغیر پیشگی ویزا داخل ہو سکتے ہیں۔
اگرچہ پاکستان کی درجہ بندی میں بہتری آئی ہے، تاہم یہ اب بھی دنیا کے کمزور پاسپورٹس میں شمار ہوتا ہے۔ تازہ فہرست میں پاکستان عراق، شام اور افغانستان سے بہتر پوزیشن پر موجود ہے، جبکہ افغانستان کم ترین ویزا فری رسائی رکھنے والے ممالک میں شامل ہے۔
خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان کی پوزیشن اب بھی کمزور ہے۔ بھارت 81ویں نمبر پر ہے جبکہ اس کے شہری 55 مقامات تک بغیر پیشگی ویزا سفر کر سکتے ہیں۔ بنگلہ دیش 97ویں اور نیپال 98ویں نمبر پر موجود ہیں، جہاں ویزا فری سفری سہولت پاکستان سے زیادہ ہے۔
عالمی سطح پر سنگاپور کا پاسپورٹ سب سے طاقتور قرار دیا گیا ہے، جس کے شہری 192 مقامات پر بغیر پیشگی ویزا سفر کر سکتے ہیں۔ جاپان دوسرے نمبر پر ہے جبکہ جنوبی کوریا اور متحدہ عرب امارات بھی اعلیٰ درجہ رکھنے والے ممالک میں شامل ہیں۔
ماہرین کے مطابق پاکستان کی درجہ بندی میں حالیہ بہتری مثبت پیش رفت ہے، تاہم عالمی سفری سہولت کے میدان میں مزید بہتری کے لیے سفارتی تعلقات، معاشی استحکام اور بین الاقوامی روابط میں اضافہ اہم کردار اداکرسکتےہیں۔
ہینلے پاسپورٹ انڈیکس بین الاقوامی فضائی نقل و حمل کی تنظیم کے ڈیٹا کی بنیاد پر تیار کیا جاتا ہے اور دنیا بھر میں پاسپورٹس کی عالمی حیثیت جانچنے کے لیے استعمال ہونے والے نمایاں اشاریوں میں شمار ہوتا ہے۔

Leave a reply