ٹورنٹو میں ورلڈ کپ 2026 کے سلسلے میں رنگا رنگ ثقافتی شو، شائقین کا بھرپور جوش

0
16
ٹورنٹو میں ورلڈ کپ 2026 کے سلسلے میں رنگا رنگ ثقافتی شو، شائقین کا بھرپور جوش

ٹورنٹو میں فیفا ورلڈ کپ 2026 کی سرگرمیوں کے تحت ایک شاندار ثقافتی اور تفریحی پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں موسیقی، رقص اور مختلف ثقافتوں کی جھلک پیش کی گئی۔ اس تقریب نے اسٹیڈیم میں موجود ہزاروں شائقین کو خوب محظوظ کیا۔

پروگرام کے دوران بین الاقوامی شہرت یافتہ فن کاروں نے اپنی پرفارمنس سے ماحول کو پرجوش بنا دیا۔ معروف اداکارہ اور گلوکارہ نورا فتحی نے اسٹیج پر اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جب کہ ویجی ڈریم اور سنجے کی پیشکشوں کو بھی حاضرین کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔

جدید روشنیوں، دلکش اسٹیج ڈیزائن اور تیز رفتار موسیقی نے تقریب کو یادگار بنا دیا۔ خاص طور پر ویجی ڈریم کی پرفارمنس نے شائقین کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی۔ وہ اپنے اس مشہور گیت کی وجہ سے عالمی سطح پر پہچانے جاتے ہیں جو فرانس کی 2018 ورلڈ کپ کامیابی کے بعد بے حد مقبول ہوا تھا۔

تقریب میں موجود تماشائی مختلف ممالک کے پرچم اٹھائے اپنی پسندیدہ ٹیموں کی حمایت کرتے دکھائی دیے۔ منتظمین کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کا مقصد کھیلوں کے عالمی میلے کے آغاز کا جشن منانے کے ساتھ ساتھ کینیڈا کی ثقافتی ہم آہنگی اور تنوع کو بھی اجاگر کرنا تھا۔

اختتامی لمحات میں اسٹیڈیم کا ماحول جشن اور خوشی سے بھرپور رہا، جبکہ شائقین نے اس تقریب کو ورلڈ کپ کے لیے ایک متاثر کن اور یادگار آغاز قرار دیا۔ اس کے بعد میزبان کینیڈا اپنی مہم کا آغاز بوسنیا و ہرزیگووینا کے خلاف میچ سے کرے گا۔

یاد رہے کہ ورلڈ کپ 2026 کی افتتاحی سرگرمیوں کا آغاز میکسیکو سٹی میں بھی رنگا رنگ تقریبات کے ساتھ کیا گیا، جہاں مقامی ثقافت اور فنون کو نمایاں انداز میں پیش کیا گیا۔ یہ پہلا ورلڈ کپ ہے جس کی میزبانی تین ممالک مشترکہ طور پر کر رہے ہیں، اور اسی مناسبت سے مختلف میزبان شہروں میں الگ الگ افتتاحی پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔

Leave a reply